ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

Jammu-Kashmir DDC Election: تینتالیس سیٹوں پر ووٹنگ جاری، ووٹنگ کے لئے لوگوں میں جوش

قابل ذکر ہے کہ جہاں جموں وکشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات پہلی بار منعقد ہو رہے ہیں وہیں خصوصی پوزیشن کے خاتمے کے بعد یہ جموں و کشمیر میں پہلے انتخابات ہیں۔

  • UNI
  • Last Updated: Nov 28, 2020 12:03 PM IST
  • Share this:
Jammu-Kashmir DDC Election:  تینتالیس سیٹوں پر ووٹنگ جاری، ووٹنگ کے لئے لوگوں میں جوش
جموں وکشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات

سری نگر۔ جموں وکشمیر میں آٹھ مرحلوں پر محیط ضلع ترقیاتی کونسل اور پنچاتی و بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہفتے کی صبح سے جاری ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ووٹ ڈالنے کا عمل صبح کے سات بجے شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کے علاوہ کووڈ پروٹوکول کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق، وادی کشمیر میں کئی پولنگ بوتھوں کے باہر سردی کے باوجود رائے دہندگان کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں اور ووٹنگ کے لئے لوگوں میں جوش وجذبہ دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم بعض پولنگ بوتھوں پر رائے دہنگان نہایت کم تعداد میں دکھائی دئے۔ ان انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے ہفتے کے روز 43 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے جن میں سے 25 حلقے کشمیر جبکہ 18 حلقے جموں کے ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے پہلے مرحلے کی پولنگ کے لئے 2 ہزار 6 سو 44 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔



انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں 1 ہزار 4 سو 75 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں جن میں سے 296 امیدوار جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان امیدواروں میں سے 172 کا تعلق کشمیر سے جبکہ 124 کا تعلق جموں سے ہے۔ آٹھ مرحلوں پر محیط اس پولنگ کا سلسلہ 19 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ 22 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

ڈی ڈی سی انتخابات میں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، پیپلز کانفرنس، کانگریس، سی پی آئی (ایم) متحد ہو کر عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے جھنڈے کے تحت حصہ لے رہی ہیں اور انہوں نے مشترکہ طور پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ ادھر بی جے پی نے ان انتخابات میں کامیابی کا سہرا اپنے امیدواروں کے سر باندھنے کے لئے انتخابی مہم چلانے کے لئے 12 بڑے وزرا اور لیڈروں کو کام پر لگایا تھا ان میں سے 5 وزرا جموں و کشمیر میں ہی خیمہ زن رہے۔

قابل ذکر ہے کہ جہاں جموں وکشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات پہلی بار منعقد ہو رہے ہیں وہیں خصوصی پوزیشن کے خاتمے کے بعد یہ جموں و کشمیر میں پہلے انتخابات ہیں۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Nov 28, 2020 12:01 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading