محبوبہ مفتی نے کہا : نوکری نہیں ملے گی تو بندوق اٹھائیں گے جموں و کشمیر کے نوجوان
جموں و کشمیر (Jammu-Kashmir) کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی (Mehbooba Mufti) نے کہا کہ آج ان کا ( بی جے پی) وقت ہے ، کل ہمارا آئے گا ۔ ان کا بھی ٹرمپ والا حال ہوگا ۔ بارڈرس کے راستے کھلنے چاہئیں ۔ ہمارا جھنڈا ہمیں واپس دو ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Nov 09, 2020 02:03 PM IST

محبوبہ مفتی نے کہا : نوکری نہیں ملے گی تو بندوق اٹھائیں گے جموں و کشمیر کے نوجوان (PTI)
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے ریاست میں بندوق اٹھانے والوں کی حمایت کی ہے ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جب نوکری نہیں ہوگی تو یہاں کے لڑکے بندوق ہی اٹھائیں گے ۔ ریاست میں کھسکتی سیاسی زمین پر اپنی بوکھلاہٹ دکھاتے ہوئے پی ڈی پی صدر نے کہا کہ آرٹیکل 370 ہٹانے کے بعد بی جے پی کی منشا جموں و کشمیر کی زمین اور نوکری چھیننے کی ہے ۔ آرٹیکل 370 ڈوگرا کلچر کو بچانے کیلئے تھا ، خودہ ملک کا جھنڈا ہو یا جموں و کشمیر کا جھنڈا ، وہ ہمیں آئین نے دیا تھا ۔ بی جے پی نے ہم سے وہ جھنڈا چھین لیا ۔
اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے ریاست کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا کہ آج ان کا ( بی جے پی ) وقت ہے ، کل ہمارا آئے گا ۔ ان کا بھی ٹرمپ والا حال ہوگا ۔ بارڈرس کے راستے کھلنے چاہئیں ۔ جموں و کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان امن کا پل بنے ۔ ہمارا جھنڈا ہمیں واپس دو ۔ ہم الیکشن متحد ہوکر لڑ رہے ہیں ۔ جموں و کشمیر کے ٹکڑے کردئے گئے ہیں ۔ ان طاقتوں کو دور کرنے کیلئے ہم نے ہاتھ ملایا ہے ۔
آرٹیکل 370 کو لے کر محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ مسلم یا ہندو سے وابستہ موضوع نہیں ہے بلکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی شناخت ہے ۔ لوگوں کو اپنے مستقبل کی فکر ہے ۔ مرکزی حکومت نے بابا صاحب کے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے ۔ بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کا کیا ہوا ؟ بی جے پی نے ان سے وعدہ کیا تھا ، لیکن کچھ نہیں ہوا ۔
محبوبہ مفتی ان دنوں جموں کے دورہ پر ہیں ۔ یہاں انہوں نے پارٹی لیڈروں کے علاوہ سماج کے دیگر طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔ ان میٹنگوں کے بعد محبوبہ نے جموں میں پریس کانفرنس کی ۔ پاکستان کو لے کر محبوبہ مفتی کا پیار ایک مرتبہ پھر سامنے آیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم چین سے بات کرسکتے ہیں تو پاکستان سے کیوں نہیں ۔