ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

کشمیر میں برف وباراں کا ایک اور مرحلہ شروع

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں منگل کی صبح وقفہ وقفہ سے شروع ہونے والے برف وباراں کا سلسلہ بدھ کی دوپہر تک جاری رہنے کی توقع ہے بعد ازاں 3 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

  • Share this:
کشمیر میں برف وباراں کا ایک اور مرحلہ شروع
علامتی تصویر

وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق منگل کی صبح سے ہی میدانی وبالائی علاقوں میں برف وباراں کا ایک اور مرحلہ شروع ہوا جو وقفہ وقفہ سے دن بھر جاری رہا تاہم مطلع ابر آلود رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری درج کی گئی۔ وادی کے مشہور آفاق سیاحتی مقام گلمرگ، جہاں ابھی قریب پانچ فٹ پرانی برف ہی جمع ہے، میں یہ رپورٹ فائل کرنے تک برف باری جاری تھی اورقریب تین انچ تازہ برف جمع ہوئی تھی۔

وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام، جہاں ابھی قریب پانچ چار پرانی برف ہی جمع ہے، میں بھی یہ رپورٹ فائل کرنے تک برف باری جاری تھی اور زمین پر قریب چار انچ تازہ برف جمع ہوئی تھی۔

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں منگل کی صبح وقفہ وقفہ سے شروع ہونے والے برف وباراں کا سلسلہ بدھ کی دوپہر تک جاری رہنے کی توقع ہے بعد ازاں 3 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

لداخ کے علاوہ پیر پنجال اور خطہ چناب میں بھی اگلے چوبیس گھنٹوں تک برف وباراں کا سلسلہ جاری رہنے کی امید ہے۔ جموں میں منگل کی صبح سے ہی ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور مطلع پر  بادل سایہ فگن ہیں۔

ادھر خراب موسمی حالات کے باعث وادی کشمیر کا ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ زمینی رابطہ منگل کے روز ایک بار پھر متاثر ہوا۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز ٹریفک کی نقل وحمل کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔

First published: Jan 28, 2020 03:24 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading