جموں و کشمیر: کرگل جنگ میں فتح کے 22 برس مکمل ہونے پر آج جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر تقاریب کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر کرگل جنگ میں شہید ہوئے فوجی افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو یاد کیا گیا اور انہیں خراج و عقیدت پیش کیا گیا۔ وجے دوس کے موقع پر دراس میں قائم کرگل وار میموریل پر ایک تقریب کا انعقاد ہوا، جس دوران تمام شہدا کو خراج و عقیدت پیش کیا گیا، جنہوں نے پاکستانی فوجیوں کو کھدیڑ کر کرگل کی تمام چوٹیوں پر دوبارہ اپنا قبضہ جمالیا تھا۔دراس میں منعقدہ تقریب پر لداخ کے لیفٹننٹ گورنر آر کے ماتھُر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر وار میموریل پرگلہائے عقیدت پیش کئے۔
تقریب میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ناردرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹننٹ جنرل وائی کے جوشی، چودہواں کورکے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹننٹ جنرل پی جی کے مینن، پندرہویں کورکے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے شرکت کرکے شہدا کو گلہائے عقیدت نذر کئے۔ کرگل جنگ میں مثالی خدمات انجام دینے کے صلے میں ایوارڈ یافتہ فوجی افسران اور جوانوں نے شہیدوں کو خراج و عقیدت ادا کیا۔ تقریب کے دوران شہدا کے لواحقین نے نم آنکھوں سے جنگ میں شہید ہوئے جوانوں اور افسران کو یاد کیا۔

اس موقع پر کرگل جنگ میں شہید ہوئے فوجی افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو یاد کیا گیا اور انہیں خراج و عقیدت پیش کیا گیا۔
وجے دیوس (یوم فتح) کی رواں برس کی تقریبات کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ پاکستان کے خلاف 1971 کی جنگ میں فتح حاصل کرنے کے 50 سال مکمل ہونے کے سلسلے میں نکالی گئی سورن وجے ورش وکٹری فلیم آج کرگل پہنچائی گئی۔
وجے دوس کے موقع پر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بارہمولہ میں شہدا کی یادگار پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔ انہوں نے وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہیدوں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ اس موقع پر جموں وکشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی ملک پر قربان ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کو خراج و عقیدت پیش کیا۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند بعد میں گلمرگ میں قائم High Altitude warefare school بھی گئے۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے پندرہویں کور کے جوانوں اور افسران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے فوج کی ملک کے تئیں ان کے جذبے کو یاد کیا۔ انہوں نے ہندوستانی فوج کی طرف سے مشکل حالات میں ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے انہیں داد تحسین پیش کی۔

تقریب کے دوران شہدا کے لواحقین نے نم آنکھوں سے جنگ میں شہید ہوئے جوانوں اور افسران کو یاد کیا۔
جموں و کشمیر کے کئی دیگر حصوں میں بھی آج وجے دوس کے سلسلے میں تقریبات کا انعقاد ہوا۔ سرحدی ضلع پونچھ میں اس سلسلے میں ایک خصوصی دوڑ کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں مقامی نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر ان نوجوانوں نے ملک کی حفاظت کرنے والے فوجی جوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اپنا یہ عزم دُہرایا کہ وہ ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے فوج کےشانہ بشانہ کام کرتے رہیں گے۔ کٹھوعہ، اودھم پور اور دیگر مقامات پر بھی وجے دوس کی تقریبات کا انعقاد ہوا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 1999 میں کرگل سیکٹر کی کئی اہم چوٹیوں پر موسم سرما کے دوران چوری چھپے قبضہ جما لیا تھا۔ ہندوستانی فوج کے جوانوں نے 26 جولائی 1999 کے روز ان تمام چوٹیوں پر دوبارہ مکمل قبضہ کرکے ترنگا لہرا دیا تھا۔ اس دوران ہندوستانی فوج کے پانچ سو سے زائد افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا اور تب سے آج کے دن کو کرگل وجے دوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔