سری نگر: جموں وکشمیر میں دہشت گردوں نے ٹی وی اداکارہ امرین بھٹ (Amrin Bhat Murder) کا بے رحمی سے قتل کردیا تھا۔ 24 گھنٹے کے اندر ہی جموں وکشمیر پولیس نے ان دہشت گردوں کو انکاونٹر میں مار گرایا ہے۔ امرین بھٹ کی بڑی بہن نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 25 مئی کو کیسے گھر میں گھس کر ان دہشت گردوں نے امرین بھٹ کو نشانہ بنایا اور اس کے نابالغ بھتیجے پر بھی گولی چلا دی۔
‘آج تک‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق، امرین بھٹ کی بہن نے کہا کہ بدھ کی رات تقریباً 8 بجے دو دہشت گرد ان کے گھر پہنچے اور امرین بھٹ کو ملنے کے لئے باہر بلایا۔ ان لوگوں نے امرین سے شادی میں گانا گانے کے لئے چلنے کو کہا، لیکن امرین بھٹ نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ’میں گانا گاتی ہوں، لیکن شادیوں میں نہیں‘۔ اتنا سنتے ہی دہشت گردوں نے امرین پر تابڑ توڑ گولیاں داغ دیں۔
اس دوران امرین بھٹ کے ساتھ اس کا 10 سال کا بھتیجہ بھی موجود تھا۔ دہشت گردوں نے اسے بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ اس حملے میں بچے کے کندھے پر گولی لگی۔ فی الحال اسپتال میں داخل ہے۔ دراصل کشمیر وادی میں امن وامان قائم ہونے کی وجہ سے دہشت گرد بوکھلائے ہوئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ کچھ دن پہلے امرین بھٹ نے ایک یوٹیوب چینل کھولا تھا، دہشت گردوں کو امرین کا یہ قدم پسند نہیں آیا اور انہوں نے امرین کا قتل کردیا۔
کشمیر میں گزشتہ دنوں دہشت گردانہ حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے اور ان حملوں میں دہشت گرد بے قصور لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ 25 مئی کو امرین بھٹ کے قتل سے ایک دن پہلے دہشت گردوں نے سری نگر میں کھلے عام فائرنگ کی، جس میں ایک پولیس اہلکار کی موت ہوگئی اور ان کی سات سال کی بیٹی زخمی ہوگئی۔
وہیں 17 مئی کو دہشت گردوں نے شراب کی دوکان پر گرینیڈ پھینک دیا، جس میں 52 سال کے رنجیت سنگھ کی موت ہوگئی۔ جبکہ 12 مئی کو بڈگام ضلع میں دہشت گردوں نے کشمیری پنڈت راہل بھٹ کو گولی مار کر قتل کردیا تھا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔