منوج سنہا نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا لیا جائزہ، افسران کو دی یہ بڑی ہدایت
منوج سنہا نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا لیا جائزہ، افسران کو دی یہ بڑی ہدایت
Jammu and Kashmir News: جموں و کشمیر یوٹی کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس، سول انتظامیہ اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے اعلی افسران کی ایک میٹنگ میں یوٹی کے حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا۔ چھ گھنٹے چلی اس میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر خاص کر جموں خطہ کے سیکورٹی حالات پر غور وخوض ہوا۔
سری نگر : جموں و کشمیر یوٹی کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس، سول انتظامیہ اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے اعلی افسران کی ایک میٹنگ میں یوٹی کے حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا۔ چھ گھنٹے چلی اس میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر خاص کر جموں خطہ کے سیکورٹی حالات پر غور وخوض ہوا۔ لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے اس موقع پر سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایات دیں کہ وہ جموں خطے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو ختم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ یہ میٹبگ راجوری ، جموں اور پونچھ اضلاع میں حالیہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے مدنظر جموں خطے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بلائی گئی تھی۔ میٹنگ میں ایل جی نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے افسران سے دہشت گردی کو قابو کرنے کے بارے میں اپنائی جارہی حکمت عملی کی جانکاری حاصل کی اور کہا کہ ہر حال میں جموں خطے میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر قدغن لگائی جائے تاکہ اس ناسور کو یہاں پنپنے سے روکا جائے۔
میٹنگ میں ان افسران نے ایل جی کو جانکاری دی کہ جموں و کشمیر خاص کر جموں خطے میں بڑھتی دہشت گردانہ سرگرمیوں پر روک لگانے کے لئے تمام طریقے بروئے کار لائے جارہے ہیں اور سماج دشمن عناصر کی حرکات پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے۔
اس میٹنگ میں راجوری، پونچھ، سانبہ، اورکٹھوعہ کے سرحدی علاقوں میں مزید چوکسی بڑھانے کے طور طریقوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ سرحد اور کنٹرول لائن کے متصل علاقوں میں گشت بڑھائی جائے۔ منوج سنہا نے پولیس کو ہدایات دیں کہ وہ جموں خطے میں دہشت گردوں کے معاون کاروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔
میٹنگ میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا توڑ کرنے کے لئے ایک مربوط لائحہ عمل اپنانے پر بھی زور دیا گیا اور اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ پورے جموں خطے میں چوکسی کو مزید سخت کرکے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔