محبوبہ مفتی کا دعویٰ۔ مجھے پھر دو دنوں سے حراست میں رکھا گیا ہے، بیٹی کو بھی کیا نظربند
جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کو کہا کہ ان کو پھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ دو دنوں سے اپنے گھر میں بند ہیں۔ محبوبہ مفتی نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی کو بھی گھر میں نظربند رکھا گیا ہے۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Nov 27, 2020 12:56 PM IST

سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی( فوٹو پی ٹی آئی)
سری نگر۔ جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کو کہا کہ ان کو پھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ دو دنوں سے اپنے گھر میں بند ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا ' مرکز کے زیر انتظام خطے کی انتظامیہ نے انہیں پلوامہ میں پارٹی لیڈر وحید پرہ کے کنبے سے ملنے کی اجازت نہیں دی'۔ مفتی نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی کو بھی گھر میں نظربند رکھا گیا ہے۔
پی ڈی پی کے یوتھ ونگ کے صدر اور سابق کابینی وزیر وحیدہ پرہ بدھ کو دو دنوں کی پوچھ گچھ کے بعد دہلی میں قومی جانچ ایجنسی کے ذریعہ گرفتار کئے گئے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں جنوبی کشمیر کے پلوامہ سے آئندہ ڈی سی سی الیکشن کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے۔
محبوبہ مفتی کے قریبی مانے جاتے ہیں وحید
محبوبہ مفتی نے کہا کہ انہیں بےبنیاد الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے ایک پرانی کلپ بھی شئیر کی جس میں اس وقت کے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو جموں وکشمیر اسپورٹس کونسل کے سکریٹری کے طور پر وحید کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ کلپ اس وقت کی ہے جب پی ڈی پی جموں وکشمیر میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں تھی۔
Ive been illegally detained yet again. Since two days, J&K admin has refused to allow me to visit @parawahid’s family in Pulwama. BJP Ministers & their puppets are allowed to move around in every corner of Kashmir but security is a problem only in my case. pic.twitter.com/U5KlWzW3FQ
— Mehbooba Mufti (@MehboobaMufti) November 27, 2020
وحید کو مفتی کا قریبی مانا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ وادی کے نوجوانوں کے درمیان ان کی فالوئنگ ہے۔
محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'مجھے ایک بار پھر نظر بند رکھا گیا ہے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ گذشتہ دو دنوں سے مجھے وحید پرہ کے گھر واقع پلوامہ جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ بی جے پی کے وزرا اور ان کے حواری وادی کے کونے کونے میں گھوم رہے ہیں لیکن صرف میرے معاملے میں سیکورٹی ایک مسئلہ ہے'۔