ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

اگلے سال کا حج کیوں مہنگا ہوگا؟ مختار عباس نقوی نے بتائی یہ اہم وجہ

اقلیتی وزیر نے کہا کہ ہمارا سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ساتھ ماہ دسمبر میں دو طرفہ معاہدہ طے ہونے والا ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ ہمیں کتنا کوٹا مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر عازمین کی عمر کی حد کو بھی 18 سے 65 برس تک محدود کر دیا گیا ہے۔

  • UNI
  • Last Updated: Nov 24, 2020 01:11 PM IST
  • Share this:
اگلے سال کا حج کیوں مہنگا ہوگا؟ مختار عباس نقوی نے بتائی یہ اہم وجہ
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی

سری نگر۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے اگلے سال یعنی سال 2021 کے حج کے اخراجات مہنگے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے یہ حج ایک الگ صورتحال میں انجام پذیر ہوگا۔ مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار یو این آئی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کیا ہے۔


ان کا کہنا تھا: 'سال 2021 کا حج جو ہوگا وہ کورونا کی وجہ سے الگ ہی صورتحال میں ہوگا، اس صورتحال میں حج کے اخراجات میں اضافہ ہوگا جس سے حج کے اخراجات بڑھیں گے'۔ انہوں نے کہا: 'حج چونکہ سعودی عرب میں ہوتا ہے وہاں کی حکومت کے پروٹوکول کے مطابق جس کمرے میں آٹھ نو لوگ رہتے تھے اس میں اب صرف دو یا تین ہی لوگ رہ سکتے ہیں اور جس گاڑی میں 45 حاجی سفر کرتے تھے اس میں زیادہ سے زیادہ بیس حاجی سفر کر سکتے ہیں اور اس کے علاوہ بھی دیگر اخراجات بڑھیں گے'۔


نقوی نے کہا کہ عازمین حج کا سفر پر روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سے قبل کورونا ختم ہو جائے گا۔ اقلیتی وزیر نے کہا کہ ہمارا سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ساتھ ماہ دسمبر میں دو طرفہ معاہدہ طے ہونے والا ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ ہمیں کتنا کوٹا مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر عازمین کی عمر کی حد کو بھی 18 سے 65 برس تک محدود کر دیا گیا ہے۔


مختار عباس نقوی نے کہا کہ محرم کے بغیر حج کرنے والی خواتین امسال بھی درخواست جمع کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے پیش نظر سعودی عرب جانے کے لئے پروازوں کے امبارکیشن پوائنٹس کو 21 سے گھٹا کر 10 کر دیا ہے تاہم ان دس پوائنٹس میں سری نگر شامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حج سال 2021 کے لئے بھارت سے عازمین کے پہلے قافلے 26 جون کو جبکہ آخری قافلے 13 جولائی کو سعودی عرب روانہ ہونے کی توقع ہے۔ عازمین کی واپسی کا سلسلہ 14 اگست سے شروع ہونے کی امید ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے سال 2020 کا حج متاثر ہی رہا۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Nov 24, 2020 01:11 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading