ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : سرحد پر پھر ٹوٹی خاموشی ، پاکستان کی بلااشتعال فائرنگ میں خاتون زخمی

جموں و کشمیر میں ہند وپاک فوجیوں کے مابین کپوارہ ضلع کے نوگام اور کرناہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ایک مرتبہ پھرگولہ باری ہوئی ہے ، جس میں دونوں طرف سے زبردست فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔

  • Share this:
جموں و کشمیر : سرحد پر پھر ٹوٹی خاموشی ، پاکستان کی بلااشتعال فائرنگ میں خاتون زخمی
علامتی تصویر ۔

جموں و کشمیر میں ہند وپاک فوجیوں کے مابین کپوارہ ضلع کے نوگام اور کرناہ  سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ایک مرتبہ پھرگولہ باری ہوئی ہے ، جس میں دونوں طرف سے زبردست فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے دیر شام گئے اچانک نوگام سیکٹر میں اس پار گولہ باری کی شروعات کی اور ہندوستانی فوج کی پوکٹوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ۔ اس دوران بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجہ میں کنٹرول لائن پر کشیدگی پیدا ہوگئی ہے ۔


دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کا ہندوستانی فوج نے بھی دندان شکن جواب دیا ، جس کے نتیجے میں ہندوستانی فوج نے اس پار شدید گولہ باری کی ، جس میں بھاری نقصان ہوا ۔ تاہم اس سلسلے میں ابھی تک مکمل تفصیلات فراہم نہیں ہوئی ہے ۔ دفاعی ترجمان نے پاکستانی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دیر گئے جاری رہنے والی اس گولہ باری کا ہندوستانی فوج منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور پاکستان کی جانب سے کی جانے والی تمام تر کوششوں اور سازشوں کا معقول جواب دیا جارہا ہے ۔


دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستان گولہ باری کی آڑ میں زیادہ سے زیادہ دہشت گردوں کو اس پار کشمیر میں دھکیلنے کی کوشش کررہا ہے اوراس کے نتیجہ میں وہ ان دہشت گردوں کو فائرنگ اور گولہ باری کی آڑ فراہم کررہا ہے ۔ تاہم ہندوستانی فوج بھر پور طریقے سے جواب دے رہی ہے اور پاکستان کی ہر سازش کا ڈٹ کر جوا ب دیا جائے گا ۔ ادھر نوگام سیکٹر میں سرحد پار گولہ باری کے نتیجے میں کنٹرول لائن پر زبردست کشیدگی پیدا ہوگئی ہے اور دونوں طرف سے فوجیں دیر رات گئے تک گولہ باری کا بھرپور جواب دے رہی تھی ۔


پاکستان کی جانب سے فائرنگ میں زخمی خاتون ۔
پاکستان کی جانب سے فائرنگ میں زخمی خاتون ۔


اس سے قبل کرناہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں بھی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی تھی ، جس کے نتیجے میں ایک خاتون کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ پاکستانی فوج نے کرناہ سیکٹر میں بھی ہندوستانی فوجی پوکٹوں کے ساتھ ساتھ آبادی والے علاقوں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی ، جس کے باعث اس سیکٹر میں بھی کنٹرول لائن پر کشیدگی پیداہوگئی ۔ ہندوستانی فوج نے ٹنگڈار سیکٹر میں بھی پاکستانی فوج کی گولہ باری کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ،  جس کے باعث ان کی گولہ باری بند ہوگئی ۔

واضح رہے کہ پھچلے ایک ہفتہ کے دوران پاکستان لگاتار لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کررہا ہے ۔ جس کے نتیجے میں ابھی ایک درجن کے قریب افردا زخمی ہوگئے ہیں ۔ تاہم لوگوں کو زیر زمین بنکر دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ لوگوں کے بقول سرحدوں پر آباد لوگوں کیلئے ہر دن قیامت سے کم نہیں ہے ۔ لوگوں نے ہند ۔ پاک قیادت سے مطالبہ کیا کہ دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ بند کیا جائے ، تاکہ سرحدوں پر آباد لوگ امن کی فضا میں سانس لے سکیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 23, 2020 11:44 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading