جموں وکشمیر: محبوبہ مفتی نے بی جے پی پر تیکھا حملہ کیا، آئین کو ختم کرنے کا لگایا الزام
جموں وکشمیر: محبوبہ مفتی نے بی جے پی پر تیکھا حملہ کیا، آئین کو ختم کرنے کا لگایا الزام
Jammu and Kashmir News: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی نے جس طرح سے جموں و کشمیر کے خصوصی آئین کو ختم کیا ہے، اسی طرح سے ملک کے آئین کو بھی بی جے پی ختم کرے گی اور ایک دن ترنگے کو بھگوا جھنڈے سے بدل دے گی۔
جموں و کشمیر: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی نے جس طرح سے جموں و کشمیر کے خصوصی آئین کو ختم کیا ہے، اسی طرح سے ملک کے آئین کو بھی بی جے پی ختم کرے گی اور ایک دن ترنگے کو بھگوا جھنڈے سے بدل دے گی۔ بجبہاڑہ اننت ناگ میں پارٹی کے بانی و سابق وزیر اعلی مرحوم مفتی محمد سعید کی برسی کے موقع پر محبوبہ مفتی نے کہا کہ انہوں نے بھی مرحوم مفتی سعید کی طرح علاحدگی پسندوں کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلوائے تھے، لیکن علاحدگی پسندوں کی جانب مناسب ردعمل نہ ملنے کی وجہ سے ہم نے اس وقت ایک اہم موقع کھو دیا۔ اس موقع پر مرحوم لیڈر کو گلہائے عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ پارٹی سینئر لیڈران عبدالرحمان ویری، ڈاکٹر محبوب بیگ، سرتاج مدنی، صوفی عبدالغفار اور نجم الثاقب سمیت دیگر کئی لیڈران نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے مزار پر کارکنوں نے اجتماعی فاتحہ خوانی کی ۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کے والد اور جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید سیکولر ہندوستان کے سب سے بڑے حامی تھے اور وہ اس ہندوستان کے ساتھ جموں و کشمیر کے الحاق کی وکالت کرتے تھے، جو ہندوستان گاندھی کا تھا اور جس کے لئے بابائے قوم مہاتما گاندھی نے اپنی جان دی تھی۔ انہوں نے پنڈت جواہر لال نہرو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نہرو کا ہندوستان ایک سیکولر ہندوستان تھا جہاں کی پہچان مذہبی روا داری اور بھائی چارہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسی بھائی چارے کو ایک مخصوص جماعت ختم کرنے کی کوشش میں ہے جس کی وجہ سے یہاں کا آئین بھی متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف انڈیا نے خود ملک کی عدالتوں پر سوال اٹھایا ہے۔ محبوبہ نے کہا کہ کبھی ملک کی عدالت نے وزیراعظم اندرا گاندھی پر بھی کارروائی کی تھی، لیکن آج ایسا وقت آ گیا ہے کہ عدالت پوری طرح سے انصاف نہیں کر سکتی ہیں اور کسی بے گناہ کو ضمانت حاصل کرنے کیلئے کافی مشکلات درپیش آتی ہیں۔
میڈیا کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا حالات کی صحیح عکاسی کرنے میں ناکام رہی ہے اور پہلے میڈیا ہر چیز کو عوام کے سامنے شفاف طریقے سے پیش کرتی تھی، پھر خواہ وہ سکھ فسادات ہو یا گجرات میں مسلمانوں کے قتل کی خبریں ہو۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی وجہ سے یہاں کی میڈیا اور عدلیہ بھی متاثر ہوئی ہیں۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی سرکار نے کشمیری عوام کے ساتھ منظم پالیسی کے تحت جنگ چھیڑ دی ہے اور یہاں کے عوام کو تنگ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکار کسی چوری یا رشوت خوری کی بنا پر یہاں کے لوگوں کی زمین نہیں چھین رہی ہے اور نا ہی اس بنا پر تاجروں پر ریڈ ڈالے جا رہے ہیں، بلکہ اس کے پیچھے سرکار کا مقصد کشمیر کے لوگوں کے تئیں سختی برتنا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے مرحوم مفتی محمد سعید کی فلاحی کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں موجودہ دور کی ایک عظیم سیاسی شخصیت قرار دیا اور کہا کہ مفتی محمد سعید کی دوراندیشی اور شخصیت کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔