ایل اے ایچ ڈی سی ضمنی انتخابات میں کانگریس کی جیت پر جی اے میر کا بڑا بیان، بی جے پی پر سادھا نشانہ
ایل اے ایچ ڈی سی ضمنی انتخابات میں کانگریس کی جیت پر جی اے میر کا بڑا بیان، بی جے پی پر سادھا نشانہ
جی اے میر نے اننت ناگ میں کانگریس پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لداخ میں کانگریس کی جیت سے بی جے پی کے تمام تر دعوے پھر ایک بار کھوکھلے ثابت ہو چکے ہیں۔
جموں و کشمیر: کانگریس کے سینئر لیڈر و جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے سابق صدر جی اے میر نے لداخ خودمختاری پہاڑی ترقیاتی کونسل یعنی ایل اے ایچ ڈی سی کی ایک نشست کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کی جیت کو کانگریس کے استحکام کیلئے سود مند قرار دیا ہے۔ جی اے میر نے اننت ناگ میں کانگریس پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لداخ میں کانگریس کی جیت سے بی جے پی کے تمام تر دعوے پھر ایک بار کھوکھلے ثابت ہو چکے ہیں۔
جی اے میر نے کہا کہ لداخ کو لیکر مرکزی سرکار اور بی جے پی ایک خوش فہمی میں مبتلا ہے کہ وہاں پر تبدیلیاں لانے سے لوگ خوش ہیں اور لداخ ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدوار کی جیت اس بات کو عیاں کرتی ہے کہ لداخ میں بی جے پی کی ناقص پالیسیوں سے وہاں کے لوگ خوش نہیں ہیں اور آنے والے وقت میں نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک میں بی جے پی کو اسی طرح کی ہار کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میر نے کہا کہ ضمنی انتخابات والے علاقے میں بی جے پی کی ایک اچھی پکڑ کے باوجود بھی کانگریس امیدوار نے 800 سے زائد ووٹوں سے جیت درج کی اور لداخ کے لوگوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے جنم دن پر انہیں ایک اچھا تحفہ دیا۔
مذہبی علما کی حالیہ گرفتاریوں پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں جی اے میر نے کہا کہ سرکار کو ان گرفتاریوں کا جواز پیش کرنا چاہئے کہ جو مذہبی رہنما ہیں، انہیں کس طرح سے پبلک سیفٹی قانون کے تحت بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس حوالے سے کوئی ٹھوس جواز پیش نہیں کیا جا سکا تو سماج یقینی طور پر اس طرح کی گرفتاریوں کی مذمت کرے گا۔
اننت ناگ میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کے بعد میر نے کہا کہ لداخ کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر اور پورے ملک میں بدلاؤ ضرور آئے گا اور وہ دن دور نہیں ہے جب پورے ملک کے لوگ کانگریس کے بھارت جھوڑو نعرے کے ساتھ آواز ملا کر آگے بڑھنے میں کانگریس کا ساتھ دیں گے۔ میر نے کہا کہ کانگریس حالیہ بحران سے اب آہستہ آہستہ نکل رہی ہے اور آنے والے وقت میں کانگریس پھر ایک بار مضبوط اور مستحکم پارٹی کے طور پر ابھرے گی۔
اس موقع پر شاہینہ نداف سمیت کانگریس کے دیگر لیڈران نے بھی کارکنوں سے خطاب کیا اور کانگریس کی مضبوطی کے حوالے سے بات ہوئی۔ لیڈران نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے بنیادی ایجنڈے کو لے کر عام لوگوں کے پاس جائیں اور جموں و کشمیر کو لے کر کانگریس کے بنیادی منشور کو گھر گھر پہنچانے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔