جموں و کشمیر: جموں و کشمیر پولیس نے ریاسی میں لشکر کے دو ملی ٹینٹوں کو علاقے کے باشندوں کے ذریعہ دبوچنے کے بعد ان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ٹکسن ڈھوک کے دیہاتیوں نے انتہائی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لشکر طیبہ کے دو انتہائی مطلوب ملی ٹینٹوں کو پکڑا، جو پولیس اور فوج کے مسلسل دباؤ کے بعد پناہ لینے کیلئے اس علاقے میں پہنچے تھے۔ ان کی شناخت راجوری کے طالب حسین اور پلوامہ کے فیصل احمد ڈار کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے 2 اے کے رائفل، 7 گرینیڈ ایک پستول اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا ۔
غور طلب ہے کہ راجوری پولیس نے حال ہی میں بڑی تعداد میں آئی ای ڈی برآمد کی تھی اور حال ہی میں لشکر طیبہ کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا تھا، جس میں لشکر طیبہ کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا تھا اور طالب حسین کو مفرور قرار دیا گیا تھا اور اس پر انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔
طالب حسین پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ کے ملی ٹینٹ کمانڈر قاسم کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا اور راجوری ضلع میں شہری ہلاکتوں اور گرینیڈ دھماکوں کے علاوہ کم از کم 3 آئی ای ڈی دھماکے کے واقعات میں ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں ملی ٹینٹ لشکر طیبہ کے ایک پاکستانی ہینڈلر سلمان سے بھی رابطے میں تھے اور یہ رابطہ مسلسل جاری تھا۔
جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے گاؤں والوں کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ گاؤں والوں کے اس طرح کے عزم کے ساتھ ملی ٹینسی کے خاتمے کے دن دور نہیں ہیں۔ انہوں نے گاؤں والوں کے لیے 5 لاکھ روپے کے نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔