Republic Day 2023 : جموں میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کا پورے جوش و خروش کے ساتھ انعقاد
Republic Day 2023 : جموں میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کا پورے جوش و خروش کے ساتھ انعقاد
Republic Day 2023 : جموں و کشمیر یو ٹی کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ ایل جی منوج سنہا نے پریڈ کے معائنہ کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیش بہا قربانیوں کی بدولت ہی ہندوستان کو آزادی ملی اور آزادی ملنے کے بعد ہی ہمیں ایک جمہوری ماحول میں زندگی گزارنے کا موقع ملا۔
جموں : 74 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات آج پورے جموں خطہ میں بھی جوش و خروش سے منعقد ہوئیں۔ جموں میں اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ یہاں ہوئی تقریب کے موقع پر جموں و کشمیر یو ٹی کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ ایل جی منوج سنہا نے پریڈ کے معائنہ کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیش بہا قربانیوں کی بدولت ہی ہندوستان کو آزادی ملی اور آزادی ملنے کے بعد ہی ہمیں ایک جمہوری ماحول میں زندگی گزارنے کا موقع ملا۔ لوگوں کو یوم جمہوریہ کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ ان کی سرکار جموں و کشمیر کے لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کی راہ پر گامزن ہے اور جموں و کشمیر کو نشہ سے پاک اور بدعنوانی سے پاک بنانے کے لئے ان کی سرکار نے کئی اقدامات کئے ہیں اور انہی اقدامات کی بدولت آج جموں و کشمیر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ سماج کے ہر طبقے کے لوگوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنانے کی عہد بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرانا سرکار کی ترجیحات میں شامل ہے۔ لیفٹننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خواتین کو با اختیار بنانے کی سمت میں قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ منوج سنہا نے کہا کہ اس برس جموں و کشمیر میں جی 20 ممالک کی میٹنگ کا انعقاد ان لوگوں پر ایک طمانچہ ہوگا جو جموں وکشمیر کی شبیہ کو غلط طریقے پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کی چالیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ۔
اپنی تقریر میں ایل جی نے پی ایم پیکیج کے تحت وادی میں تعینات کشمیری مائیگرنٹ ملازمین کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کی عہد بند ہے اور اس سلسلے میں پہلے ہی تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ وادی میں کام کررہے جموں خطہ سے تعلق رکھنے والے ریزرو کیٹیگری کے ملازمین کو بھی منوج سنہا نے یقین دلایا کہ ان کے مفادات کے تحفظ کے لئے سرکار عہد بند ہے۔
یوم جمہوریہ کی اس تقریب کے موقع پر کئی تمدنی پروگراموں کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔ کثیر تعداد میں لوگوں نے یوم جمہوریہ کی اس تقریب میں حصہ لیا۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔