جنوبی کشمیر میں سرکردہ ملی ٹینٹ کمانڈروں کے خاتمے سے صورتحال میں بہتری آئی: ڈی جی پی دلباغ سنگھ
ڈی جی پی نے حالیہ دنوں میں سرگرم ملیٹینٹ کمانڈروں کا خاتمہ کرتے ہوئے پولیس اور سیکورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کامیاب آپریشنز کے بعد عام لوگوں کو بڑی راحت ملی ہے اور آنے والے دنوں میں اس طرح کے کامیاب آپریشنز میں مزید سرعت لانے کی ضرورت ہے ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Mar 15, 2021 11:55 PM IST

جنوبی کشمیر میں سرکردہ ملی ٹینٹ کمانڈروں کے خاتمے سے صورتحال میں بہتری آئی: ڈی جی پی دلباغ سنگھ
جموں و کشمیر : جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ حالیہ انکاونٹرس میں اعلیٰ ملیٹینٹ کمانڈروں کی ہلاکت سے جنوبی کشمیر کی صورتحال میں مزید بہتری آئی ہے۔ جبکہ ان ہلاکتوں سے عام لوگوں کو راحت کی سانس نصیب ہوئی ہے ۔ ڈی جی پی نے ان باتوں کا اظہار اننت ناگ میں جنوبی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا ۔ اس میٹنگ میں پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف افسران و دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔ جبکہ کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار بھی ڈی جی پی کے ہمراہ تھے ۔
ڈی جی پی نے حالیہ دنوں میں سرگرم ملیٹینٹ کمانڈروں کا خاتمہ کرتے ہوئے پولیس اور سیکورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کامیاب آپریشنز کے بعد عام لوگوں کو بڑی راحت ملی ہے اور آنے والے دنوں میں اس طرح کے کامیاب آپریشنز میں مزید سرعت لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کو اپنے اپنے علاقوں میں انسداد دہشت گردی کی کامیاب کارروائیوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ البدر ، لشکر طیبہ اور جیش کمانڈروں کے خاتمہ سے عام لوگوں کی جان بچانے اور ان کے ناپاک عزائم سے یہاں کے نوجوانوں کو بچانے کا موقع ملا ہے ۔
انہوں نے گزشتہ سال کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ کی بازیابی اور گرفتاری کے لئے جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیاروں کی برآمدگی کرنے کا مطلب ہے کہ برائی کا خاتمہ ہوا ہے اور متعدد نوجوانوں کو بچایا گیا ہے ، جو تشدد کا راستہ منتخب کرکے ان ہتھیاروں کو چننے میں گمراہ ہو چکے ہوتے ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ عام طور پر عوام اور گمراہ نوجوانوں کے والدین نے ہم پر اعتماد بحال کیا ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ پوری پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اور علاقے میں پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کییلئے زیادہ لگن کے ساتھ کام کریں ۔
ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ جموں و کشمیر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے سخت جدوجہد کرنے کی حکمت عملی تیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن کے خلاف اور دہشت گردی کو مزید تقویت دینے کیلئے سرحد پار سے امن دشمن عناصر اب بھی متحرک ہیں اور ایسے عنصر جموں و کشمیر میں امن کی فضا کو بگاڑنے کی ہر ممکنہ کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس کو دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ ملیٹینٹوں کے خلاف جموں و کشمیر میں کامیابیاں ملی ہیں اور ہمارے مربوط اقدامات جموں و کشمیر میں دیرپا امن کو یقینی بنانے کے لئے جاری رہیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر متعدد محاذوں پر لڑ رہی ہے اور وقت کی ضرورت ہے کہ شاہراہ سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ہمیشہ خامیوں کی تلاش میں رہتے ہیں اور امن کو خراب کرنے کے ان کے عزائم سے مضبوطی سے نمٹنا ہے۔