سرینگر: ہمالیائی کالا ریچھ سرما میں لمبی نیند یعنی ہائیبرنیشن کے لئے مشہور ہے لیکن کشمیر میں اس سرما بھالو یعنی ریچھ ہر طرف سرگرم نظر آیا۔ محکمہ وائلڈ لائف سرما کے عروج یعنی چلہ کلان میں بھی انسانی بستیوں میں یا پھر ان کے قریب پائے گئے۔ ریجنل وائلڈ لائف وارڈن راشد نقاش کہتے ہیں کہ پچھلے کچھ سال میں بھالو کی سرمائی نیند میں کمی دیکھی گئی لیکن اس بار تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے بھالو سرمائی نیند میں گیا ہی نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پچھلے تین مہینے میں ہی ایک سو سے زیادہ بھالو انسانی بستیوں میں پائے گئے اور انسانوں اور جنگلی جانوروں کے بیچ بڑھتے تصادم کی وجہ بنے۔ شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی میں وائلڈ لائف کے ماہر ڈاکٹر خورشید کا کہنا ہے کہ بھالو کے اس بدلتے مزاج کے لئے موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ ساتھ جنگلوں میں انسانی مداخلت ذمہ دار ہے ۔
ڈاکٹر خورشید کہتے ہیں کہ سرمائی نیند میں جانے سے پہلے کالا ریچھ خوب غذا کھاتا ہے تاکہ سرما میں نیند کے دوران جمع شدہ چربی اس کے کام آسکے لیکن انسانی بستیوں کے نزدیک آماجگاہ بنانے کی وجہ سے انھیں غذا میسر رہتی ہے لہذا یہ بھی سرما میں ان کے سرگرم رہنے کی ایک وجہ ہوسکتی ہے ۔ ریچھ کے برتاؤ میں اس بڑی تبدیلی کے اثرات کے بارے میں ماہر جنگلی حیات پرویز احمد کہتے ہیں کہ سرما میں بھی سرگرم رہنے کی وجہ سے ریچھوں کا مزاج یکسر بدل سکتا ہے اور اس کے چلتے انسانوں اور جنگلی جانوروں کے بیچ تصادم میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا ہے سرما میں ایکٹو رہنے کی وجہ سے بھالو کی افزائش نسل بھی متاثر ہوگی کیونکہ سرما میں ہی مادہ ریچھ بچوں کو جنم دیتی ہے اور پانچ مہینے تک ان کی دیکھ بھال کرتی ہے ۔ کشمیر میں پچھلے دس سال میں 105 افراد انسانوں اور جنگلی جانوروں کے بیچ تصادم میں مارے گئے ہیں اور 1562 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس تصادم آرائی میں ریچھ ہی زیادہ تر شامل رہا ہے اور کئی ریچھ بھی انسانوں کے ہتھے چڑھ گئے ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔