ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں وکشمیر : سوشل میڈیا کاغلط استعمال کرنےوالوں پررکھی جائے نظر، ڈی جی پی دلباغ سنگھ کی ہدایت

دلباغ سنگھ نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس نے دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ سخت چیلنجوں کا سامنا کرنے کے بعد قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا ہے اور لوگوں میں سلامتی کے احساس کو برقرار رکھنے میں یہاں کی پولیس کامیاب ہوگئی ہیں۔

  • Share this:
جموں وکشمیر : سوشل میڈیا کاغلط استعمال کرنےوالوں پررکھی جائے نظر، ڈی جی پی دلباغ سنگھ کی ہدایت
ڈائریکٹر جنرل آف جموں کشمیر پولیس دلباغ سنگھ

ڈائریکٹر جنرل آف جموں کشمیر پولیس دلباغ سنگھ نے سیکیورٹی کے ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔جس میں انہوں نے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور کووڈ کی دوسری لہر پر جموں و کشمیر پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے بھی جانکاری حاصل کی۔اس میٹنگ میں اسپیشل ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوائن ، اے ڈی جی پی ہیڈ کوارٹر ، پی ایچ کیو ایم کے سنہا ، آئی جی پی کشمیر وجئے کمار ، آئی جی پی ہیڈ کوارٹر پی ایچ کیو غریب داس ، ڈی آئی جی وسطی کشمیر امت کمار ، ڈی آئی جی ایس کے آر شری عبد الجبار و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈی جی پی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی حفاظت اور محفوظ ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لئے سیکیورٹی گرڈ کو بڑھایا جائے۔ ڈی جی پی نے اس بات پر زور دیا کہ ملی ٹینٹوں اور ان کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنی چاہئے اور تمام مشکوک عناصر کو نگرانی میں رکھا جاناچاہئے تاکہ لوگوں کی معمولات زندگی میں خلل ڈالنے کے مقصد سے ان کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔



قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فعال کردار کی ضرورت کو سمجھتے ہوئے ، ڈی جی پی نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ دیگر سیکیورٹی فورسز کے اشتراک سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس نے دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ سخت چیلنجوں کا سامنا کرنے کے بعد قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا ہے اور لوگوں میں سلامتی کے احساس کو برقرار رکھنے میں یہاں کی پولیس کامیاب ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوششیں جموں و کشمیر میں امن کو مستحکم کرنے کے لئے جاری رہینگی۔ڈی جی پی نے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والے لوگوں پر نظر رکھنے کے لئے تمام ٹکنالوجی اور اس سے وابستہ آلات کو استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شناخت کے لئے ایک میکنزم بنایا جانا چاہئے اور ان سارے شرپسندوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جانی چاہئے جو سوشل میڈیا کو ملک و ملت اور سماج دشمن سرگرمیوں کے لئے استعمال کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف موثر اقدامات کریں تاکہ منشیات کے استعمال کے خطرے کو ختم کیا جاسکے۔ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تیزی سے لوٹنے والے پُر امن ماحول کو درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والے ایسے عناصر کی کڑی نگرانی برقرار رکھیں اور ایسی کوششوں کو غیر موثر بنانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائیں۔ڈی جی پی نے کووڈ کی دوسری لہر پر  پولیس کے ردعمل کا جائزہ لیتے ہوئے حکومتی ہدایات ، مشوروں پر عمل درآمد کرنے کے علاوہ انتظامیہ کے کووڈ وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں معاونت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس نازک مرحلے میں ہیں اور اس سے نکلنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ضرورت ہے۔سینئر افسران نے ڈی جی پی کو امن و امان برقرار رکھنے اور لوگوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈی جی پی کو کووڈ صورتحال کے دوران جموں وکشمیر پولیس کے مختلف اقدام کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
Published by: Mirzaghani Baig
First published: May 26, 2021 12:05 AM IST