J&K News: فوج کی دو راشٹریہ رائفلز کی طرف سے منعقدہ دو روزہ بدرکوٹ فیسٹول اختتام پذیر
J&K News: فوج کی دو راشٹریہ رائفلز کی طرف سے منعقدہ دو روزہ بدرکوٹ فیسٹول اختتام پذیر
Jammu and Kashmir : فیسٹول کا مقصد مقامی ثقافت کو فروغ دینا اور بدرکوٹ جیسی خوبصورت مقام کو ملک کے سیاحتی نقشے پر پیش کرنا تھا ۔ یہ فیسٹول دو روز تک جاری رہا۔ اس فیسٹول میں وادی بھر سے لوگوں نے کافی تعداد میں شرکت کی۔
بارہمولہ : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ٹنگمرگ کے بدرکوٹ میں فوج کی دو راشٹریہ رائفلز بٹالین کے ذریعہ کلو فورس کے زیر اہتمام اور محکمہ سیاحت جموں وکشمیر کے تعاون سے دو روزہ بدرکوٹ فیسٹول انتہائی جوش وخروش سے منایا گیا۔ فیسٹول کا مقصد مقامی ثقافت کو فروغ دینا اور بدرکوٹ جیسی خوبصورت مقام کو ملک کے سیاحتی نقشے پر پیش کرنا تھا ۔ یہ فیسٹول دو روز تک جاری رہا۔ اس فیسٹول میں وادی بھر سے لوگوں نے کافی تعداد میں شرکت کی۔ بدرکوٹ فیسٹول کا افتتاح ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے ڈائریکٹر ٹورزم، سول انتظامیہ، ٹو آر آر کے کمانڈنگ افسر ، پولیس، مقامی آبادی اور سیاحوں کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور فوج کی جانب سے غیر دریافت شدہ مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کی کوششیں ایک خوش آئند قدم ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں یقینی طور پر خطے میں مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع کو فروغ دیں گے۔
پی کے پولے نے کہا کہ سرکار کوشش کررہی ہے کہ یہاں تعمیر وترقی میں کوئی کسر باقی نہ رہے اور ساتھ ہی سیاحتی مقامات کے علاوہ ہوم اسٹے ٹورزم کو فروغ دیا جارہاہے ہے، جس کے لئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ۔ اس اقدام سے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے وسائل بھی کھلیں گے ۔ فیسٹول میں مشہور بالی ووڈ اسٹار راج پال یادو اور مشہور گلوکار آدتیہ سرسوت اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
فیسٹول میں روایتی لوک رقص، ڈانس اور مقامی فنکاروں اور باہر کی ریاستوں سے مدعو کئے گئے میوزیکل پرفارمنس سے سامعین لطف اندوز ہوئے۔ اسکولی بچوں نے مارشل آرٹس اور تائیکوانڈو میں اپنے جادو بکھیر کر سامعین کو محظوظ کیا۔ فیسٹول میں گھوڑوں کی دوڑ، اے ٹی وی ریس، مقامی رقص، میوزک کنسرٹس، شام غزل سے فنکاروں نے خوب سماع باندھا۔ اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ راج پال یادو نے کہا کہ انہیں انتہائی خوشی ہوئی کہ جب بدرکوٹ میں مقامی لوگوں کی جانب سے انہیں خوب پیارملا ۔
راج پال یادو نے نیوز18جموں وکشمیر لداخ ہماچل کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہوئی کہ ہندوستانی فوج نے مجھے یہاں بلایا اور یہاں کشمیریوں نے مجھے بے حد پیار دیا، میں یہ کبھی نہیں بھولوں گا۔ کشمیر میں فلم شوٹنگ اب دوبارہ شروع ہونی چاہئے ۔ بالی ووڈ کو چاہئے کہ اب فلموں کی شوٹنگ سوئٹزر لینڈ کی بجائے کشمیر میں کرے، کیونکہ ایسی خوبصورت جگہ کہیں پر نہیں ہے ۔ عالمی شہرت یافتہ گلمرگ سے قریب ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اس علاقہ کی پوشیدہ صلاحیت کا اشارہ ہے کہ ایک اگلے سیاحتی مقام کے طور پر اس علاقے کی ترقی اور نوجوانوں کیلئے روزی روٹی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ مقام یقینی طور پر شمالی کشمیر میں ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر ابھرے گا اور اس میں گلمرگ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
مقامی لوگوں نے فوج کی دو راشٹریہ رائفلز کا شکریہ اداکیا۔ توفیق احمد نامی ایک مقامی نوجوان نے کہا کہ آج انہیں بہت خوشی ہوئی کہ پہلی بار اس جگہ پر فیسٹول کا اہتمام کیا گیا ، جس سے انہیں امید جاگ اٹھی کہ اس جگہ کو بھی اب سیاحتی نقشے پر لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقام کے طور پر امکانات کو تلاش کیا جاسکتا ہے، جس سے نہ صرف اس علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ اس دور دراز علاقے کے لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔