اننت ناگ: جنوبی کشمیر میں ملیٹینسی مخالف آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے ہتھیار چھوڑ کر راہ فرار اختیارکرلی۔ تفصیلات کے مطابق، اننت ناگ ضلع کے کچھ پورہ قاضی گنڈ علاقے میں فوج اور جموں کشمیر پولیس نے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن لانچ کیا۔ جس کے بعد فورسز نے پیش قدمی کی اور تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔ دہشت گردوں کا سراغ لگانے کی غرض سے فورسز نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔
اس دوران علاقے میں پناہ لئے دہشت گردوں نے ہتھیار چھوڑکر وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی، جس کے بعد پولیس اور فوج نے نالہ ساندھرن سے ایک پستول اور دو دستی بم برآمد کرکے ضبط کرلئے۔ اس برآمدگی سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ دہشت گردوں نے فورسز کے محاصرے میں آنے سے قبل ہی ہتھیار دریا میں ڈال دیئے تھے اور وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی تھی۔
دوسری طرف دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لئے فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے مشترکہ طور پر ایک وسیع آپریشن شروع کیا ہے۔ جبکہ کچھ پورہ علاقے میں کافی دیرتک کارڈن اینڈ سرچ آپریشن جاری رکھا گیا۔ دریں اثناء جموں وکشمیر پولیس نے ہتھیار برآمدگی کے سلسلے میں ایک معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے پورے کشمیر میں سیکورٹی فورسز اور جموں وکشمیر پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شدت لائی ہے اور اس دوران کئی انکاونٹر بھی رونما ہوئے ہیں، جن میں کئی دہشت گردوں کو مار گرایا گیا ہے۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے پہلے ہی اس طرح کے آپریشن جاری رکھنے کا عزم دہرایا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔