ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

بم اسکواڈ نے مشتبہ شے کو بنادیا ناکارہ، کئی گھنٹوں تک سرینگر۔بارہمولہ ہائی وے پر ٹریفک کی نقل وحمل معطل

ایک ماہ پہلے بھی تاپرپٹن میں نیشنل ہائی وے پرمشتبہ شے برآمد ہوئی تھی۔ اس کو بھی بم اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا تھا۔ اس سے پہلے بھی اس شاہراہ پرکئی ایسے واردات رونما ہوئے ہیں جنہیں سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔

  • Share this:
بم اسکواڈ نے مشتبہ شے کو بنادیا ناکارہ، کئی گھنٹوں تک سرینگر۔بارہمولہ ہائی وے پر ٹریفک کی نقل وحمل معطل
 مشتبہ شے کو بنا دیا ناکارہ، کئی گھنٹوں تک سرینگر۔بارہمولہ ہائی وے پر نقل وحمل معطل

سری نگر۔ شمالی کشمیرکے پٹن میں سرینگر۔ بارہمولہ قومی شاہراہ پر واقع آئی ٹی آئی کے نزدیک آج صبح مشتبہ شے سیکورٹی فورسزکو ملی۔ یہ مشتبہ شے اس وقت ملی جب روزانہ بنیادوں پر صبح سیکورٹی فورسز سرینگر۔ بارہمولہ قومی شاہراہ پر گشت کرتی ہیں۔ اسی دوران پٹن میں آئی ٹی آئی کے نزدیک آئی ای ڈی جیسی مشتبہ شے برآمد ہوئی جس کے فوراً بعدبم اسکواڈ کو بلایا گیا،کئی گھنٹوں تک سرینگر۔ بارہمولہ ہائی وے پرٹریفک کی نقل وحمل معطل رہی۔


بم اسکواڈ نے مشتبہ شے کو ناکارہ بنادیا جس کے بعد ٹریفک کی آمدورفت کو بحال کردیا گیا۔سرینگر۔ بارہمولہ قومی شاہراہ پرٹریفک کافی ہوتی ہے۔ اس شاہراہ پر کپواڑہ اور بارہمولہ سے ٹریفک کی نقل وحمل ہوتی ہے۔ اس مختصر سے وقفے تک شاہراہ کے دونوں اطراف ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں جمع ہو گئیں ۔مشتبہ شے کو ناکارہ بنانے کے فوراً بعد گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ جائے واردات پرسیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا،جن میں آرمی ،سی آرپی ایف اور جموں وکشمیر پولیس شامل ہیں۔ اس دوران کئی ڈرون کیمروں کابھی استعمال کیاگیا۔ ڈرون کیمروں کے ذریعے پورے علاقے کی نگرانی کی گئی اور اس بات کاپتہ لگایاگیا کہ نزدیک میں کس طرح کی حرکت ہو رہی ہے۔ پٹن میں جائے واردات کے پاس سے تمام جگہوں کامحاصرہ کیا گیا تھا۔کئی جگہوں پرتلاشی کاروائی بھی ہوئی۔


واضح رہے کہ ایک ماہ پہلے بھی تاپرپٹن میں نیشنل ہائی وے پرمشتبہ شے برآمد ہوئی تھی۔ اس کو بھی بم اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا تھا۔ اس سے پہلے بھی اس شاہراہ پرکئی ایسے واردات رونما ہوئے ہیں جنہیں سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔سرینگر۔ بارمولہ شاہراہ پر روز فوج کی کانوائےچلتی رہتی ہے جس سے سیکورٹی فورسز ہمیشہ الرٹ رہتی ہیں۔ سرینگر سے بارہمولہ اورکپواڑہ تک جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کے اہلکارتعینات ہوتے ہیں اور ساتھ ہی مختلف جگہوں پرسخت ناکے لگائے جاتےہیں۔ اس دوران مشکوک راہگیروں اورگاڑیوں کی جامہ تلاشی ہوتی ہے۔


شمالی کشمیر کے پٹن میں دو ہفتے پہلے انکاؤنٹر بھی ہوا تھا جس میں حزب المجاہدین کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ فوج کے مطابق شمالی کشمیر کے پٹن میں کافی عرصے کے بعد حزب المجاہدین نے اپنی موجودگی دکھائی ہے،تب سے شمالی کشمیر میں سیکورٹی کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

 
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Sep 14, 2020 03:45 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading