ملک کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی ریلائنس جیو (Reliance Jio) میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک (Facebook) نے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ جیو پلیٹ فارم، ریلائنس ریٹیل اور فیس بک کے میسیجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ میں بھی ایک تجاری شراکت داری طئے ہوئی ہے جو فیس بک۔ ریلائنس جیو سودا کا ہی ایک حصہ ہے۔ اس سودے کے تحت فیس بک نے 43،574 کروڑ روپئے میں جیو کی 9.99 فیصد حصہ داری خریدی ہے۔
دراصل، اس سودے سے ہندوستان میں ریٹیل شاپنگ کا طریقہ بدل سکتا ہے۔ کیونکہ ریلائنس کے جیو مارٹ (JioMart) اور فیس بک کے واٹس ایپ سے ملک کے کروڑوں کیرانہ دکانداروں اور صارفین کو جوڑے جانے کی تیاری ہے۔ اس طرح ریلائنس ریٹیل پہلے سے اس کاروبار میں لگے امیزن اور فلپ کارٹ کو کڑی ٹکر دینے جا رہی ہے۔
ریلائنس انڈسٹریز لمٹیڈ نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں یہ جانکاری دی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ کے ساتھ ریلائنس ریٹیل کی یہ تجارتی شراکت داری جیو مارٹ پلیٹ فارم پر بزنس کو آگے لے جانے اور میسنجر پر چھوٹے کاروباریوں کو جوڑنے کے لئے کیا گیا ہے۔ واٹس ایپ پہلے سے ہی ہندوستان میں چھوٹے کاروباریوں کو جوڑنے میں کافی اہم رول ادا کر رہا ہے۔
ریلائنس نے گزشتہ سال 31 دسمبر کو امیزن اور فلپ کارٹ کو چیلنج دینے کے لئے اپنے نئے ای۔ کامرس وینچر ’جیو مارٹ‘ کا سافٹ وئیر لانچ کیا تھا۔ اسے ’ ملک کی نئی دکان‘ نام دیا گیا تھا۔ فی الحال نوی ممبئی، ٹھانے اور کلیان علاقے کے آن لائن شاپرس جیو مارٹ کی سروس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ جلد ہی اسے باقی شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔
(Disclaimer :نیوز 18 اردو ریلائنس انڈسٹریز کی کمپنی نیٹ ورک 18 میڈیا اینڈ انویسٹمنٹ لمیٹڈ کا حصہ ہے۔ نیٹ ورک 18 میڈیا اینڈ انویسٹمنٹ لمیٹڈ ریلائنس انڈسٹریز کی ملکیت ہے۔)