ہوم » نیوز » معیشت

ریلائنس ریٹیل نے بگ بازار خرید کر ہزاروں نوکریاں بچائیں

ہزاروں کروڑ روپیے کے قرض اور دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ چکے فیوچر گروپ کو ریلائنس ریٹیل نے خرید کر کورونا کے اس بحران میں ہزاروں اہلکاروں کا روزگار بچا لیا ہے ۔ مکیش امبانی کی ریلائنس ریٹیل نے ہفتے کو 24,713 کروڑ کے عوض فیوچر گروپ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

  • UNI
  • Last Updated: Aug 30, 2020 11:44 PM IST
  • Share this:
ریلائنس ریٹیل نے بگ بازار خرید کر ہزاروں نوکریاں بچائیں
ریلائنس ریٹیل نے بگ بازار خرید کر ہزاروں نوکریاں بچائیں

ہزاروں کروڑ روپیے کے قرض اور دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ چکے فیوچر گروپ کو ریلائنس ریٹیل نے خرید کر کورونا کے اس بحران میں ہزاروں اہلکاروں کا روزگار بچا لیا ہے ۔ مکیش امبانی کی ریلائنس ریٹیل نے ہفتے کو 24,713 کروڑ کے عوض فیوچر گروپ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ فیوچر گروپ میں بگ بازار، ای جی ڈے جیسے سلسلے میں ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ علاوہ ازیں کشور بیانی کے اس خوردہ کاروبار کی سپلائی چین سے بھی ہزاروں افراد کا روزگار بالواسطہ طور پر جڑا ہوا ہے۔ قرض کی ادائیگی نہ کر پانے کی حالت میں کمپنی پر تالا لگنے کا اندیشہ دن بہ دن قوی ہوتا جا رہا تھا۔


محض 26 برس کی عمر میں فیوچر گروپ کے بانی کشور بیانی نے پہلا اسٹور پینٹالون کے نام سے کھولا تھا۔ اس وقت کسی نے نہیں سوچا تھا کہ کشور بیانی کو ریٹیل سیکٹر (خوردہ شعبے) میں شناخت بنانے کے 33 برس بعد ان کا یہ کاروبار قرض میں ڈوب جائے گا یہاں تک کہ قرض کا سود بھی ادا کرنے کے قابل نہیں ہوگا۔ فیوچر گروپ کس قدر قرض میں ڈوبا ہوا تھا اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کمپنی کو غیر ملکی بانڈس پر ہی 100 کروڑ کے سود کی ادائیگی کرنی تھی جسے کمپنی وقت ختم ہونے کے آخری دن ہی چکا سکی تھی۔


کورونا نے کمپنی کی مالی حالت مزید خستہ کر دی تھی۔ لاک ڈاؤن کے دوران زیادہ تر اسٹورس کو بند کرنا پڑا۔ فیوچر گروپ کے تمام اسٹورس کی تعداد 1650 سے بھی زیادہ ہے اور ہزاروں افراد کو بلا واسطہ طور پر روزگار ملا تھا وہیں لاکھوں افراد کا روزگار اس سے بالواسطہ طور پر وابستہ تھا۔ قرض بڑھنے سے کمپنی کے ڈوبنے کے خطرے کے درمیان اہلکاروں کو بھی اپنی نوکری کی تشویش ہو رہی تھی۔ ریلائنس ریٹیل کی سرمایہ کاری نے کمپنی کو برے دن سے نجات دلا دی ہے۔


سوال یہ ہے کہ تحویل کے بعد فیوچر گروپ کے بگ بازار اور دیگر برانڈس کا کیا ہوا، کیا ان کا نام بھی بدل دیا جائے گا تو اس کا جواب خود ریلائنس ریٹیل وینچرس لمیٹیڈ کی ڈائریکٹر ایشا امبانی نے دیا ہے۔ انہوں نے اس سودے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’ فیوچر گروپ کے معروف برانڈ کے ساتھ ساتھ اس کے کاروباری ایکو سسٹم کو تحفظ دینے میں ہمیں خوشی ہوگی۔ ہندوستان میں جدید ریٹیل کی ترقی میں یہ اہم کردار ادا کرے گا۔ ہمیں امید ہے کہ چھوٹے کاروباریوں، کیرانہ اسٹورس اور بڑے صارفین برانڈ کی شراکت داری کی بدولت ریٹیل سیکٹر میں ترقی کی رفتار قائم رہے گی، ہم پورے ملک میں اپنے صارفین کو بہتر قیمت ادا کرنے کے تئیں پابند عہد ہیں‘۔

شہری صارفین کے لیے بگ بازار برسوں سے روزمرہ کے سامان کی سپلائی کا مرکز رہا ہے۔ محترمہ امبانی کے بیان سے طے ہے کہ ریلائنس بگ بازار کی ری۔برانڈنگ نہیں کرنے جا رہا ہے لہٰذا صارفین کے لیے بگ بازار میں کچھ بھی تبدیل نہیں ہوگا۔

(ڈسکلیمر: نیوز 18 اردو ڈاٹ کام ریلائنس انڈسٹریز کی کمپنی نیٹ ورک 18 میڈیا اینڈ انویسٹمنٹ لمیٹڈ کا حصہ ہے۔ نیٹ ورک 18 میڈیا اینڈ انویسٹمنٹ لمیٹڈ ریلائنس انڈسٹریز کی ملکیت ہے۔)
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Aug 30, 2020 11:44 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading