جیا خان معاملہ میں رپورٹ پیش ، سی بی آئی نے ہائی کورٹ میں کہا : جیا نے کی تھی خود کشی

ادھر ہائی کورٹ نے رابعہ خان سے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی موت سے متعلق پولیس اور سی بی آئی جانچ کی غلطیوں کو سامنے لائیں ۔ رابعہ نے جیا کے بوائے فرینڈ رہے اداکار سورج پنچولی کے خلاف خودکشی کے لئے اکسانے کی بجائے قتل کا معاملہ درج کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Aug 02, 2016 10:33 AM IST | Updated on: Aug 02, 2016 10:48 AM IST
جیا خان معاملہ میں رپورٹ پیش ، سی بی آئی نے ہائی کورٹ میں کہا : جیا نے کی تھی خود کشی

ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ جیا خان کی موت کے معاملہ میں نیا موڑ آگیا ہے ۔ سی بی آئی نے بامبے ہائی کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ سی بی آئی نے ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ جیا خان کا قتل نہیں ہوا تھا ۔ یہ معاملہ خودکشی کا ہے ۔ ادھر  جیا خان کی والدہ رابعہ خان کا دعوی ہے کہ ان کی بیٹی کا قتل ہوا ہے اور ملزم سورج پنچولی کو بچانے کے لئے سی بی آئی اس کو خودکشی بتا رہی ہے ۔

جیا کی والدہ رابعہ خان نے دعوی کیا کہ ان کی بیٹی نے خودکشی نہیں کی تھی ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جیا کی موت کے بعد ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی ۔لیکن ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انل سنگھ نے جسٹس نریش پاٹل اور جسٹس دیپک نائیک کی بینچ کو بتایا کہ سی بی آئی کے پاس ایسی کوئی وجہ نہیں ہے ، جس کی وجہ سے ملزم (سورج پنچولی) کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہو ۔

Loading...

سی بی آئی نے بتایا کہ جیا خان نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی تھی ۔ کمرے میں کسی دوسرے شخص کے داخل ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ جیا کے گلے پر جس نشان کی بات کہی جا رہی ہے، وہ دوپٹے کی وجہ سے بھی لگ سکتے ہیں ۔ تاہم رابعہ خان سی بی آئی کی جانچ پر یقین کے لئے قطعی تیار نہیں ہیں ۔