ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

پاکستانی ہائی کمیشن کے دو افسران جاسوسی کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار ، آئی ایس آئی سے جڑے ہیں تار ، 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم

حکومت نے دونوں افسران کو غیرسفارتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بنیاد پر ناپسندیدہ قرار دے دیا ہے اور انہیں چوبیس گھنٹے کے اندر ملک چھوڑ دینے کے لئے کہا ہے ۔

  • Share this:
پاکستانی ہائی کمیشن کے دو افسران جاسوسی کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار ، آئی ایس آئی سے جڑے ہیں تار ، 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم
علامتی تصویر

ہندوستان نے پاکستانی ہائی کمیشن کے دو افسران کو جاسوسی کی سرگرمیوں ملوث ہونے کی وجہ سے پکڑے جانے پر انہیں 24 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑ دینے کے لئے کہا ہے۔ وزارت خارجہ نے آج رات بتایا کہ نئی دہلی میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن کے دو افسران کو ہندوستانی سیکورٹی ایجنسیوں نے جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے آج حراست میں لیا تھا ۔ حکومت نے دونوں افسران کو غیرسفارتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بنیاد پر ناپسندیدہ قرار دے دیا ہے اور انہیں چوبیس گھنٹے کے اندر ملک چھوڑ دینے کے لئے کہا ہے ۔


وزارت خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کے انچارج کو ان افسران کی ہندستانی سیکورٹی کے خلاف سرگرمیوں کے سلسلہ میں ایک احتجاجی خط سونپا اور ان سے کہا گیا کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ پاکستانی ہائی کمیشن کا کوئی رکن ایسی سرگرمی میں ملوث نہ ہو جو ہندستان سے دشمنی والی ہو اور نہ ہی ایسا سلوک کرے جو سفارتی وقار کے منافی ہو۔


ایجنسیاں کررہی ہیں پوچھ گچھ


خیال رہے کہ کافی وقت سے دہلی پولیس کی ان دونوں افسران پر نظر تھی ۔ شک کی بنیاد پر دہلی پولیس نے ایک مہم چلائی اور رنگے ہاتھ دونوں کو حراست میں لیا ۔ یہ دونوں پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزا اسسٹنٹ کے طور پر کام کررہے تھے اور آئی ایس آئی کیلئے کام کرتے تھے ۔ طویل عرصہ سے یہ دونوں ہی ہندوستانی فوج سے وابستہ حساس جانکاریاں حاصل کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ فی الحال دہلی پولیس اسپیشل سیل سمیت کئی ایجنسیاں پوچھ گچھ کرہی ہیں ۔

پہلے بھی سامنے آچکے ہیں کئی معاملات

حالانکہ ان سے پوچھ گچھ کے بعد ان دونوں کو پاکستان کو سونپ دیا جائے گا ۔ تاہم ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہے جب پاکستان نے اپنے ناپاک منصوبوں کو پورا کرنے کیلئے ہندوستان کی جاسوسی کی ہو ۔ اس سے پہلے بھی پاکستان کے جاسوس ہندوستان میں کئی مرتبہ پکڑے جاچکے ہیں ۔

نیوز ایجنسی یو این آئی کے ان پٹ کے ساتھ ۔ 
First published: May 31, 2020 11:13 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading