بھوپال: بینظیر انصار ایجوکیشن سو سائٹی کے زیر اہتمام بھوپال میں اردو صحافت کے دو سو سالہ جشن کا انعقاد کیا گیا۔ اردو صحافت کے دو سو سالہ جشن میں ممتاز صحافیوں نے شرکت کی اور اردو صحافت کی دو سوسالہ عظیم خدمات کو ملک کے لئے بے مثل قرار دیا۔ 27 مارچ 2022 کا دن اردو صحافت کے لئے ایک خاص دن ہے۔ اسی دن 27 مارچ 1822 کو اردو کا پہلا اخبار جام جہاں نما کلکتہ سے جاری کیا گیا تھا۔ اردو کا پہلا اخبار جام جہاں نما سدا سکھ لال کی ادارت میں جاری کیا گیا تھا جبکہ اخبار کے مالک ہری ہر دت تھے۔ یہی نہیں اردو کے پہلے اخبار کی سرپرستی کا فریضہ راجہ رام موہن رائے نے انجام دیا تھا۔
دانشوروں کا ماننا ہے کہ اردو صحافت کے ذریعہ ہندوستان کی مشترکہ وراثت کو مضبوط کرنے کا جو کام کیا گیا تھا، اس کی معنویت ملک میں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ پروگرام سے خطا ب کرتے ہوئے ممتاز صحافی ڈاکٹر مہتاب عالم نے کہا کہ اردو کا پہلا اخبار کلکتہ سے جاری کرنے والے بھی ہندو تھے اور مدھیہ پردیش کے گوالیار سے 1840 میں اردو کا پہلا اخبار گوالیار اخبار خیراتی لال کی ادارت میں جاری کیا گیا تھا۔ اردو کا پہلا ٹی وی چینل بھی کسی مسلم کے ذریعہ نہیں بلکہ محب اردو رامو جی راؤ کے ذریعہ شروع کیا گیا تھا۔ اردو صحافت کا دو سو سالہ جشن ہمیں اپنی روشن تاریخ سے سبق لینے پر زور دیتا ہے وہیں اپنے قدیم روایت کی روشنی میں اردو صحافت کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ جب جب بھی تحریک آزادی کا ذکر ہوگا اردو صحافت کا ذکر نمایاں طور پر ہوگا۔

اردو صحافت کے دو سو سالہ جشن میں ممتاز صحافیوں نے شرکت کی اور اردو صحافت کی دو سوسالہ عظیم خدمات کو ملک کے لئے بے مثل قرار دیا۔
ممتاز ادیب پروفیسر نعمان خان نے اردو صحافت کی ملک گیر خدمات پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے اردو صحافت کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اردو اسکولوں کے ساتھ اردو زبان کے تیسرے پائیدان سے ساتویں پائیدان پر آنے پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ ممتاز صحافی عارف عزیز نے اردو صحافت میں نئے امکانات پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے اردو صحافیوں کی پیشہ وارانہ تربیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں۔Bihar: نتیش کابینہ سے مکیش سہنی برخاست، وزیر اعلیٰ کی سفارش پر گورنر نے ہٹایاپروگرام کے مہمان خصوصی چندر بھان خیال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تحریک آزادی میں اردو صحافت کی نمایاں خدمات کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے مشترکہ وراثت کے فروغ پر زور دیا۔ چند ر بھان خیال نے علامہ فضل حق خیر آبادی کی کتاب باغی ہے ہندوستان اور ان کو کالے پانی کی دی گئی سزا اور انڈومان میں شیر علی کی خدمات کے حوالے سے اردو کے روشن مستقبل کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں۔محبوبہ مفتی کو مرکزی وزیر کا جواب، جتیندر سنگھ نے پوچھا- دہشت گردی کے درمیان بات چیت کیسے ممکناردو صحافت کے دو سو سالہ جشن کا انعقاد بینظیر انصار ایجوکیشن سو سائٹی کے زیر اہتمام کیا گیا تھا۔ پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے تنظیم کے صدر ایم ڈبلیو انصاری نے اردو صحافت کے دو سو سالہ جشن کو آئندہ سال تک جاری رکھنے کا جہاں اعلان کیا، وہیں انہوں نے اردو اور اردو زبان کے مسائل کی جانب بھی توجہ مبذول کی۔ ایم ڈبلیو انصاری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو ہی بھارت ہے اور بھارت ہی اردو ہے اور اس مشترکہ وارثت کے تحفظ میں ہی ہندوستان کی ترقی کا راز مضمر ہے۔
جشن اردو صحافت کی صدارت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ممتاز ادیب پروفیسر وجے بہادر سنگھ نے کہا کہ یہ جشن صرف اردو صحافت کا نہیں ہے بلکہ یہ 200 سال ہماری وراثت کا حصہ ہے۔ اردو صحافت کے ذریعہ دونوں سماجوں کے لوگ مل کر آزادی کے لئے لڑتے تھے اور دونوں کی فکر کا محور بھی ایک تھا۔ دونوں کا مقصد ایک تھا اور دونوں میں بھائی چارہ تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ آج کا سمینار اسی کی روشن یاد کے لئے ہے اور اسی مشترکہ وراثت کو ہمیں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
جشن اردو صحافت کے موقع پر سو سائٹی کی زیر اہتمام اردو صحافت کی دو سوسالہ خدمات پر فوٹو نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ جمعیت علما کے صدر حاجی محمد ہارون نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اردو صحافت کی روشن تاریخ کو نئی نسل تک پہنچانے پر زور دیا۔ اس موقع پر دیپ چند یادو، اقبال مسعود اور بدر واسطی نے بھی اردو صحافت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سوسائٹی کی جانب سے ممتاز مجاہد آزادی شہید شیخ بخاری عرف شیخ بھکاری کی حیات و خدمات پر لکھی گئی کتا ب کا اجرا بھی کیا گیا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔