بنگلورو: ریاست کرناٹک کی بی جے پی حکومت نے حال ہی میں آرڈیننس کے ذریعہ انسداد گئو کشی بل 2020 کو نافذ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کی اپوزیشن پارٹیاں کانگریس اور جے ڈی ایس مخالفت کر رہی ہیں۔ کئی مسلم، دلت، کسان تنظیموں نے بھی بیف پر پابندی عائد کرنے کی حکومت کی کوشش پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ اس پورے معاملے پر ان دنوں خوب بحث بھی ہورہی ہے۔ اس دوران بی جے پی کے ہی ایک رکن کونسل نے حکومت کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے خود اپنی پارٹی کو حیرت زدہ کردیا ہے۔ جی ہاں! بی جے پی ایم ایل سی ایچ وشوناتھ نے میسور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انسداد گئو کشی بل 2020 پر حکومت کو نظر ثانی کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف کسانوں، کسی مذہب یا ذات کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، غذا سے جڑا ہوا مسئلہ ہے۔ اس لئے حکومت اس بل پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ انسداد گئو کشی بل نافذ کرنے سے پہلے وہ اس پر غور کرے۔
ایچ وشوناتھ کا شمار ریاست کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ طویل عرصہ تک کانگریس پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد 2017 میں جے ڈی ایس میں شامل ہوئے اور پھر جے ڈی ایس سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ سال 2019 میں انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر بی جے پی کی حمایت کی۔ ایچ وشوناتھ ان 17 باغی ارکان اسمبلی میں شامل تھے، جنہوں نے ریاست میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت کو اقتدار سے بے دخل کیا۔ اس کے بعد ریاست میں دوبارہ بی ایس یدی یورپا کی قیادت میں بی جے پی حکومت قائم ہوئی۔

بی جے پی ایم ایل سی ایچ وشوناتھ نے میسور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انسداد گئو کشی بل 2020 پر حکومت کو نظر ثانی کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف کسانوں، کسی مذہب یا ذات کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، غذا سے جڑا ہوا مسئلہ ہے۔ اس لئے حکومت اس بل پر نظرثانی کرے۔
فی الوقت ایچ وشوناتھ بی جے پی کے ایم ایل سی ہیں۔ چند ماہ قبل انہوں نے ٹیپو سلطان کی تعریف کرتے ہوئے بی جے پی کیلئے پریشانی کھڑی کردی تھی۔ وشوناتھ نے کہا تھا کہ ٹیپوسلطان سرزمین کرناٹک کے سپوت ہیں۔ ٹیپوسلطان مخالف بیانات میں مصروف بی جے پی کے لیڈروں کیلئے ایچ وشوناتھ کا یہ بیان گلے کی ہڈی ثابت ہوا تھا۔ یکم جنوری 2021 کو میسور کے گولڈن پیالیس میں ریاست کی عظیم شخصیت مرحوم عزیز سیٹھ کی یاد میں تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں بی جے پی کے ایم ایل سی ایچ وشوناتھ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وشوناتھ نے کہا کہ ہندوستان سیکولر نظریات کا ملک ہے۔ ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت سیکولرازم ہے، جسے ہم کھو نہیں سکتے۔ سیکولر نظریات کے ساتھ ہی ہمیں چلنا ہوگا۔ گئو کشی پر پابندی کے بل کے سلسلے میں پوچھے گئے سوال پر وشوناتھ نے کہا کہ حکومت اس بل پر نظرثانی کرے۔

کانگریس ایم ایل اے تنویر سیٹھ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے گئو کشی پر پابندی کے متنازعہ بل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تنویر سیٹھ نے کہا کہ حال ہی میں کرناٹک کی اسمبلی میں منظور کئے گئے انسداد گئو کشی بل پر کانگریس پارٹی کے مسلم اراکین اسمبلی اور اراکین کونسل نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ وہ اس موضوع کو انفرادی طور پر حکومت کے سامنے نہیں اٹھائیں گے۔
میسور کے نرسمہا راج اسمبلی حلقہ کے کانگریس ایم ایل اے تنویر سیٹھ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے گئو کشی پر پابندی کے متنازعہ بل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تنویر سیٹھ نے کہا کہ حال ہی میں کرناٹک کی اسمبلی میں منظور کئے گئے انسداد گئو کشی بل پر کانگریس پارٹی کے مسلم اراکین اسمبلی اور اراکین کونسل نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ وہ اس موضوع کو انفرادی طور پر حکومت کے سامنے نہیں اٹھائیں گے۔ بلکہ کانگریس پارٹی سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس بل کی پُرزور طریقہ سے مخالفت کرے۔ تنویر سیٹھ نے کہا کہ جس پارٹی سے وہ تعلق رکھتے ہیں، واقعی وہ پارٹی سیکولر ہے، مسلمانوں کے ووٹ چاہتی ہے تو اس پارٹی کو آگے بڑھ کر بات کرنی ہوگی۔ پُر زور طریقہ سے اس بل کی مخالفت کرنی ہوگی۔ تنویر سیٹھ نے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی سے امید کرتے ہیں کہ وہ اس ایشو پر کھل کر بات کرے گی۔
تنویر سیٹھ نے کہا کہ گئو کشی کے معاملے میں مفت میں مسلمان بدنام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف مسلمانوں کا نہیں ہے اور مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اسے ہرگز اپنے مسئلہ کے طور پر پیش نہ کریں۔ تنویر سیٹھ نے کہا کہ یہ مسئلہ پورے عوام کا ہے۔ مسلمانوں کا ایک چھوٹا طبقہ بیف کی تجارت سے وابستہ ضرور ہے، لیکن اس طرح کے قانون سے کسان بری طرح متاثر ہوگا۔ بیف نہ صرف مسلمانوں کی غذا ہے بلکہ کئی طبقوں کی غذا ہے۔ بیف پر مکمل پابندی سے گوشت کھانے والے تمام لوگ پریشان ہوں گے۔ تنویر سیٹھ نے ریاست کی قریش برادری سے اپیل کی کہ وہ صبر سے کام لیں۔ ضرورت پڑنے پر اس طرح کے قانون کے خلاف عدالت سے رجوع کرکے انصاف کیلئے لڑائی لڑی جائے گی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔