تہاڑ جیل سے 106 دنوں کے بعد باہر آئے پی چدمبرم ، کل راجیہ سبھا کی کارروائی میں ہوں گے شامل

چدمبرم نے جیل سے باہر آکر میڈیا سے بات چیت نہیں کی ، حالانکہ انہوں نے اتنا ضرور کہا کہ وہ ضمانت پر باہر آکر خوش ہیں اور کل پریس کانفرنس کریں گے ۔

Dec 04, 2019 10:02 PM IST | Updated on: Dec 04, 2019 10:02 PM IST
تہاڑ جیل سے 106 دنوں کے بعد باہر آئے پی چدمبرم ، کل راجیہ سبھا کی کارروائی میں ہوں گے شامل

تہاڑ جیل سے 106 دنوں کے بعد باہر آئے پی چدمبرم ۔ تصویر : پی ٹی آئی / نیوز 18 ڈاٹ کام ۔

آئی ین ایكس میڈیا میں منی لانڈرنگ سے منسلک ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ) کی جانب سے درج معاملہ میں سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم بدھ کو جیل سے رہا ہوگئے ۔ پی چدمبرم 106 دنوں کے بعد جیل سے باہر آئے ہیں ۔  جیل سے باہر آنے کے بعد چدمبرم اور ان کے بیٹے کارتی کانگریس سربراہ سونیا گاندھی سے ملنے کیلئے پہنچے ۔ چدمبرم نے جیل سے باہر آکر میڈیا سے بات چیت نہیں کی ، حالانکہ انہوں نے اتنا ضرور کہا کہ وہ ضمانت پر باہر آکر خوش ہیں اور کل پریس کانفرنس کریں گے ۔

Loading...

اس سے پہلے سپریم کورٹ کی جسٹس آر بھانومتی ، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس رشی کیش رائے کی بنچ نے کچھ شرائط کے ساتھ چدمبرم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم سنایا ۔ عدالت نے دو لاکھ روپے کی ضمانت کی رقم اور اتنی ہی رقم کے دو مچلكوں پر ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ کیا۔ جسٹس بوپنا نے بنچ کی جانب سے فیصلہ پڑھتے ہوئے کہا کہ کانگریس لیڈر عدالت کی اجازت کے بغیر ملک نہ چھوڑیں ، ساتھ ہی وہ نہ تو کسی گواہ سے بات کریں گے، نہ ہی اس معاملے میں کوئی عوامی بیان دیں گے اور نہ کوئی انٹرویو دیں گے۔

بنچ نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے میرٹ پر تبصرہ نہیں کرنی چاہئے تھی۔ اس نے کہا کہ ہائی کورٹ کے کچھ تبصرے سے وہ اتفاق نہیں کرتے ہیں۔  بنچ نے دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت کی درخواست مسترد کئے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر گذشتہ 28 نومبر کو سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔

دوسری طرف ای ڈی نے پی چدمبرم کی ضمانت کی درخواست پر احتجاج کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ وہ جیل میں رہتے ہوئے بھی معاملہ کے اہم گواہوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ ای ڈی کی جانب سے پیش سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ نے کہا تھا کہ اقتصادی جرائم سنگین نوعیت کے ہوتے ہیں، کیونکہ وہ نہ صرف ملک کی معیشت کو متاثر کرتے ہیں، بلکہ نظام میں لوگوں کے یقین و بھروسہ کو بھی ٹھیس پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ تحقیقات کے دوران ای ڈی کو بینک کے 12 ایسے اکاؤنٹس کے بارے میں پتہ چلا، جن میں جرائم سے حاصل کی گئی دولت جمع کی گئی۔ ایجنسی کے پاس مختلف ممالک میں خریدی گئی 12 املاک کی تفصیلات بھی ہیں۔ انہوں نے دلیل دی تھی کہ جیل میں ملزمان کی مدت کو ضمانت منظور کرنے کی بنیاد نہیں بننا چاہئے۔

کل راجیہ سبھا کی کارروائی میں ہوں گے شامل

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیرخزانہ پی چدمبرم جمعرات سے راجیہ سبھا کی کارروائی میں شامل ہوں گے ۔ پی چدمبرم کے بیٹے اور کارنگریس کے لوک سبھا رکن کارتی چدمبرم نے صحافیوں سے کہا کہ اپنے والد کو سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے پر وہ انتہائی خوش ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ میرے لیے یہ بہت بڑا دن ہے ۔ میرے والد 106دن تک جیل میں رہنے کے بعد باہر آررہے ہیں ۔ وہ رکن پارلیمان ہیں اور جمعرات سے ایوان کی کارروائی میں شامل ہوں گے ۔

نیوز ایجنسی یو این آئی کے ان پٹ کے ساتھ

Loading...