ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

اترپردیش : یوگی حکومت نے پھر بدلا ایک تاریخی شہر کے ریلوے اسٹیشن کا نام

حکم نامہ کے مطابق صرف الہ آباد ریلوے اسٹیشن کا ہی نام نہیں بدلا جا رہا ہے ، بلکہ شہر کے آس پاس کے چار ریلوے اسٹیشنوں کے نام کے آگے بھی اب الہ آباد کی بجائے ’’ پریاگ راج ‘‘ لکھا جارہا ہے۔

  • Share this:
اترپردیش : یوگی حکومت نے پھر بدلا ایک تاریخی شہر کے ریلوے اسٹیشن کا نام
اترپردیش : یوگی حکومت نے پھر بدلا ایک تاریخی شہر کے ریلوے اسٹیشن کا نام

الہ آباد کا نام بدلنے کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باوجود یوگی حکومت نے الہ آباد ریلوے اسٹیشن کا نام پریاگ راج کر دیا ہے۔ یوگی حکومت کی طرف سے حکم نامہ جاری ہوتے ہی ریلوے اسٹیشن کے سائن بورڈوں سے الہ آباد کا نام غائب ہونا شروع ہو گیا ہے۔ یوگی حکومت کے اس ایک قدم سے گنگا جمنی تہذیب کے شہر الہ آباد کی تاریخی شناخت مٹادی گئی ہے ۔ یوگی حکومت نے  اکتوبر 2018 میں الہ آباد شہر کا نام بدلنے کا اعلان کیا تھا ۔ یوگی حکومت کے اس فیصلے کو پہلے الہ آباد ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا ۔ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہونے سے الہ آباد ریلوے اسٹیشن کا نام بدلنے کے عمل کو روک دیا گیا تھا ۔ لیکن 19 فروری کو یوگی حکومت کی طرف سے الہ آباد اور اس کے قرب و جوار کے چار ریلوے اسٹیشنوں کے نام بدلنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔


یو گی حکومت کی طرف سے حکم نامہ جاری ہوتے ہی اس پر عمل در آمد بھی  شروع ہو گیا ہے ۔ حکم نامہ کے مطابق صرف الہ آباد ریلوے اسٹیشن کا ہی نام نہیں بدلا جا رہا ہے ، بلکہ شہر کے آس پاس کے چار ریلوے اسٹیشنوں کے نام کے آگے بھی اب الہ آباد کی بجائے ’’ پریاگ راج ‘‘ لکھا جارہا ہے۔ یوگی حکومت کے اس فیصلے سے شہر کے قدیم باشندوں میں سخت ناراضگی ہے ۔ شہر کے قدیم محلے درآباد کے رہنے والے شوکت عابدی نام بدلنے کی اس سیاست کو فرقہ وارانہ ذہنیت قرار دے رہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ الہ آباد کی گنگا جمنی تہذیب کو مٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔


شہرالہ آباد کی طرح ہی یہاں کا ریلوے اسٹیشن بھی تاریخی اہمیت کا حامل ہے ۔ الہ آباد میں ریل سروس کی شروعات ڈیڑھ سو برس پہلے ہوئی تھی ، لیکن ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے رکھا تھا ۔ الہ آباد کا ریلوے اسٹیشن بھی گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہوا کرتا تھا ، لیکن یوگی حکومت اب الہ آباد کے نام سے کوئی بھی چیزباقی نہیں رکھنا چاہتی ۔


الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج کرنے کا معاملہ ابھی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں یوگی حکومت سے جواب بھی طلب کر رکھا ہے ۔ یوگی حکومت نے جب الہ آباد کا نام تبدیل کیا تھا ، تو ریلوے اسٹیشن کا پرانا نام باقی تھا ۔ امید کی جا رہی تھی کہ یوگی حکومت سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک ریلوے اسٹیشن کے نام سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گی ۔ لیکن اب ریلوے اسٹیشن کا نام بھی بدل کر اس تاریخی شہر کی شناخت مٹادی گئی ہے۔
First published: Feb 22, 2020 10:23 PM IST