بی جے پی صدر امت شاہ کا اعتراف ، ایس پی - بی ایس پی اتحاد بی جے پی کیلئے ہے چیلنج

بی جے پی کے صدر امت شاہ نے جمعہ کو اعتراف کیا ہے کہ 2019 میں اترپردیش میں بی ایس پی اور سماجوادی پارٹی کے درمیان اتحاد بی جے پی کیلئے ایک چیلنج ثابت ہوگا۔

May 25, 2018 09:13 PM IST | Updated on: May 25, 2018 09:13 PM IST
بی جے پی صدر امت شاہ کا اعتراف ، ایس پی - بی ایس پی اتحاد بی جے پی کیلئے ہے چیلنج

بی جے پی صدر امت شاہ ۔ فائل فوٹو

بی جے پی کے صدر امت شاہ نے جمعہ کو اعتراف کیا ہے کہ 2019 میں اترپردیش میں بی ایس پی اور سماجوادی پارٹی کے درمیان اتحاد بی جے پی کیلئے ایک چیلنج ثابت ہوگا۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کانگریس کو یا تو امیٹھی میں یا رائے بریلی میں ہرائے گی۔ شاہ نے مودی حکومت کے چار سال مکمل ہونے پر صحافیوں سے کہا کہ اگر بی ایس پی اور ایس پی اتحاد ایک ساتھ الیکشن لڑتا ہے تو یہ ہمارے لئے ایک چیلنج ہوگا ، لیکن ہم اس بات کو لے کر مطمئن ہیں کہ ہم امیٹھی یا رائے بریلی میں سے ایک سیٹ ضرور جیتیںگے۔

بی جے پی صدر نے کہا کہ ہم مہاراشٹر میں اتحاد کے پرانے ساتھی شیو سینا سے الگ ہونا نہیں چاہتے ہیں ، لیکن اگر شیو سینا اپنی الگ راہ منتخب کرتی ہے تو پھر ہم کیا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2019 میں بی جے پی مہاراشٹر میں شیو سینا کے ساتھ الیکشن لڑے گی، ہم انہیں این ڈی اے سے باہر نہیں کرنا چاہتے ہیں ، لیکن اگر وہ باہر جاتے ہیں تو یہ ان کی اپنی مرضی ہوگی ، ہم ہر صورتحال کیلئے تیار ہیں۔

شاہ نے اپوزیشن پارٹیوں کے حوالے سے کہا کہ وہ لوگ 2014 میں بھی ہمارے خلاف لڑے تھے ، لیکن ہمیں روکنے میں ناکام رہے تھے ۔ ان لوگوں کی اپنی اپنی ریاستوں میں موجودگی ہے ، اگر وہ ایک ساتھ آتے ہیں ، تو بھی وہ ہمیں شکست دینے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2019 میں بی جے پی ایسی 80 سیٹیں جیتے گی جہاں وہ گزشتہ الیکشن میں کامیابی حاصل نہیں کرسکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ ایسی سیٹوں پر جیت حاصل کریں گے ، جو شمال مشرق ، مغربی بنگال ، اوڈیشہ ، آندھرپردیش ، تلنگانہ ، تمل ناڈو ، کیرالہ اور دیگر جگہوں پر ہیں۔

Loading...

Loading...