لاک ڈاؤن: ماہِ رمضان میں افطاروعبادات کےامورکی ادائیگی سے متعلق علمائےکرام کی بڑی اپیل
مولانا معین الدین اشرف نےکہا کہ رمضان المبارک میں صدقات وخیرات کا جذبہ مسلمانوں میں پیدا ہوتا ہے، اس لئے مسلمان اس جذبہ سے اپنے قریبی رشتہ داروں اور ضرورتمندوں و مستحقین کی دل کھول کر مدد کریں۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Apr 23, 2020 01:24 PM IST

علمائےکرام کا رمضان میں لاک ڈاؤن پر عمل کرنےکا مشورہ۔
ممبئی: ماہ رمضان کی آمد آمد ہے اور 3 مئی تک لاک ڈاؤن جاری رہنے والا ہے۔ اس درمیان علمائےکرام، عمائدینِ شہر اور مفتیان کرام کےساتھ اہم ملی سماجی و سیاسی شخصیات لاک ڈاؤن مسلم طبقے سےلاک ڈاؤن پر عمل پیرا رہنے اور روزہ افطار، تراویح اور پنج وقتہ نماز کیلئے اکھٹا نہ ہونےکی اپیل کی ہے۔ مسلم طبقے سے لاک ڈاؤن پر عمل کرنےکی گزارش کی ہے۔
ممبئی کےجامعہ قادریہ اشرفیہ کے روح رواں سجادہ نشین کچھوچھہ شریف آستانہ عالیہ حضرت مولانا معین الدین اشرف المعروف معین میاں نےکہا کہ رمضان المبارک میں صدقات اورخیرات کا جذبہ مسلمانوں میں پیدا ہوتا ہے، اس لئے مسلمان اس جذبہ سے اپنےقریبی رشتہ داروں اور ضرورتمندوں و مستحقین کی دل کھول کر مدد کریں، اس کے ساتھ ہی مدارس اسلامیہ کی بھی خبرگیری اور دستگیری کریں کیونکہ مسلمانوں کے ہی تعاون سے مدارس کے اخراجات کی تکمیل ہورہی ہے۔
معین الدین اشرف میاں نے مدارس کے سفراور دیگرخطوں میں مدارس کے مہتمم سے درخواست کی ہےکہ وہ لاک ڈاؤن کے سبب چندہ یا مالی امداد کیلئے ممبئی یا شہروں کا رخ نہ کریں۔ معین الدین اشرف نے مسلمانوں سے ماہِ رمضان میں عبادات اور تراویح کے دوران لاک ڈاؤن پر مکمل عمل کرنے اور انتظامیہ سےتعاون کرنےکی اپیل کی۔ معروف عالم دین مفتی محمود اخترقادری نے بھی نماز تراویح اور دیگرعبادتیں رمضان المبارک میں گھروں پر ادا کرنےکا فتویٰ جاری کیا ہے اورکہا ہےکہ ایسےحالات میں لاک ڈاؤن کے سبب گھروں سے نکلنا بھی ممنوعہ ہے، اس لئے سفرا بھی چندہ کی غرض سےگھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں۔
