موہن بھاگوت کے سی اے اے سے متعلق بیان پر اویسی کا جوابی حملہ ، کہا : ہم بچے نہیں ، جنہیں گمراہ کیا جائے
موہن بھاگوت نے ہر سال ہونے والی سنگھ کی سالانہ ریلی میں سی اے اے ، کورونا وائرس ، ہند ۔ چین سرحدی تنازع جیسے کئی امور پر بات کی تھی ۔ ان کے سی اے اے والے بیان پر اے آئی ایم آئی ایم چیف اسد الدین اویسی نے جوابی حملہ کیا ہے ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Oct 25, 2020 08:35 PM IST

موہن بھاگوت کے سی اے ای بیان پر اویسی کا جوابی حملہ ، کہا : ہم بچے نہیں ، جنہیں گمراہ کیا جائے
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے سی اے اے والے بیان سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی ناخوش نظر آرہے ہیں ۔ اویسی نے کہا کہ ہم بچے نہیں ہیں ، جنہیں شہریت ترمیمی قانون کو لے کر گمراہ کیا جائے ۔ اپنے ٹویٹ میں اویسی نے آندولن کے دوران کانگریس اور آر جے ڈی کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھائے ۔
سنگھ کی سالانہ دشہرہ ریلی میں موہن بھاگوت نے کہا تھا کہ سی اے اے کا مطلب کسی کمیونٹی کی مخالفت کرنی نہیں ہے ، اس نئے قانون کی مخالفت کرنے والے لوگ مسلم بھائیوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں ۔ وہ مسلم بھائیوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اس قانون کا مقصد مسلم آؓبادی کو قابو کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے کا استعمال کرکے موقع پرست لوگ مخالفت کے ذریعہ منظم تشدد پھیلا رہے ہیں ۔
اویسی نے سادھا نشانہ
اپنے ٹویٹ میں اسد الدین اویسی نے لکھا : ہم بچے نہیں ہیں ، جنہیں گمراہ کیا جائے ۔ بی جے پی نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ سی اے اے پلس این آر سی کا کرنا کیا تھا ۔ اگر یہ مسلمانوں کے بارے میں نہیں ہے تو اس میں مذہب سے متعلق ہر چیز کو ہٹادیں ۔ انہوں نے لکھا : یہ یاد رکھیں کہ ہم اس وقت تک مخالفت کرتے رہیں گے جب تک ایسا ایک بھی قانون رہے گا ، جو ہمیں ہماری شہریت کو ثابت کرنے کیلئے کہے گا ۔
انہوں نے کہا : ہم ہر اس قانون کی مخالفت کریں گے جو شہریت کی بنیاد مذہب کو بتائے گا ۔ انہوں نے لکھا : میں کانگریس ، آر جے ڈی اور ان کے ہم شکلوں سے بھی یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آندولن کے دوران آپ کی خاموشی بھولے نہیں ہیں ۔ جب بی جے پی لیڈر لوگوں کو سیمانچل دراندار کہہ رہے تھے تو آر جے ڈی اور کانگریس نے ایک مرتبہ بھی اپنا منہ نہیں کھولا ۔