جس مسافر کو جانا تھا پٹنہ، انڈیگو ایئرلائنز نے پہنچایا ادے پور، ڈی جی سی اے نے دیا جانچ کا حکم
جس مسافر کو جانا تھا پٹنہ، انڈیگو ایئرلائنز نے پہنچایا ادے پور، ڈی جی سی اے نے دیا جانچ کا حکم
Indigo Airlines: جس مسافر کو پٹنہ جانا تھا وہ انڈیگو ایئر لائنز کے ذریعہ ادے پور پہنچ گیا۔ اس واقعہ کے سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے جانچ کا حکم دیا ہے۔
نئی دہلی : جس مسافر کو پٹنہ جانا تھا وہ انڈیگو ایئر لائنز کے ذریعہ ادے پور پہنچ گیا۔ اس واقعہ کے سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے جانچ کا حکم دیا ہے۔ یہ واقعہ دہلی ایئرپورٹ کا بتایا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق افسر حسین نام کے مسافر کو دہلی ہوائی اڈے سے پٹنہ جانے والی فلائٹ میں سوار ہونا تھا اور وہ انڈیگو ایئر لائنز کی اس فلائٹ میں سوار ہو گیا جو ادے پور جا رہی تھی۔ ادے پور ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد افسر حسین نے حکام کو واقعہ کی اطلاع دی۔ اس کے بعد افراتفری مچ گئی اور ایئر لائنز انہیں اسی دن دہلی واپس لے آئی اور 31 جنوری کو انہیں پٹنہ بھیج دیا گیا۔
ڈی جی سی اے عہدیدار نے کہا کہ پورے معاملہ کی جانچ کے احکامات دیدئے گئے ہیں۔ اطلاع ملنے اور غلطی کا پتہ لگانے کے بعد کارروائی کی جائے گی اور ایئرلائنز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی کہ ایک مسافر غلط فلائٹ میں کیسے سوار ہوگیا؟ افسر حسین کو دہلی سے فلائٹ نمبر 6 ای ۔ 214 میں سوار ہونا تھا، لیکن غلطی سے 6 ای ۔ 319 میں سوار ہو گئے، جو ادے پور جا رہی تھی۔ حالانکہ عہدیدار کا کہنا ہے کہ مسافر سیدھے فلائٹ میں سوار نہیں ہوجاتا ہے۔ پہلے سیکورٹی چیک یعنی شناختی کارڈ اور ٹکٹ چیک وغیرہ کے اسکریننگ پوائنٹ سے گزر کر وہ بورڈنگ پر پہنچتا ہے۔ یہاں بورڈنگ پاس چیک کیا جاتا ہے۔ یہاں یہ بھی چیک کیا جاتا ہے کہ مسافر صحیح فلائٹ میں ہی سوار ہو رہا ہے۔ یہ بورڈنگ پاس دو بار چیک کیا جاتا ہے۔ ڈی جی سی اے اہلکار نے کہا کہ ہم جانچ کر رہے ہیں کہ غلطی کہاں ہوئی؟ بورڈنگ پاس کی اسکیننگ کیوں نہیں ہوپائی ؟
وہیں انڈیگو ایئر لائنز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسافر کے ادے پور پہنچنے کے واقعہ پر افسوس ہے۔ یہ واقعہ 6 ای 319 دہلی - ادے پور فلائٹ میں ایک مسافر کے ساتھ پیش آیا تھا۔ ہم اس سلسلے میں مکمل جانچ کر رہے ہیں اور متعلقہ اتھارٹی سے اس پر بات کر رہے ہیں۔ ہم مسافروں کو ہونے والی پریشانی کے لئے معذرت خواہ ہیں۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ 20 دنوں میں انڈیگو ایئر لائنز کی فلائٹ میں اسی طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 13 جنوری کو ایک دیگر مسافر جس کے پاس ایئر لائن کا ٹکٹ اور اندور جانے والی فلائٹ کا بورڈنگ پاس تھا، غلط فلائٹ میں سوار ہو کر ناگپور پہنچ گیا تھا ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔