مظفرپور: 49 ہستیوں پر ملک سے غداری کا معاملہ ہوگا بند، وکیل پر چلے گا کیس

غور طلب ہے کہ مقامی وکیل سدھیر کمار اوجھا کی ایک عرضی پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر گزشتہ ہفتے صدر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

Oct 10, 2019 08:05 AM IST | Updated on: Oct 10, 2019 09:02 AM IST
مظفرپور: 49 ہستیوں پر ملک سے غداری کا معاملہ ہوگا بند، وکیل پر چلے گا کیس

عرضی دائر کرنے والے وکیل سدھیر کمار اوجھا کے خلاف پولیس کیس دائر کرے گی۔

موب لنچنگ کے خلاف سال کی شروعات میں وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھنے والی 49 ہستیوں کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ بند کرنے کا پولیس نے بدھ کو حکم دیا۔ مظفر پور کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار سنہا نے کہا کہ معاملہ بند کرنے کا انہوں نے حکم دیا ہے کیونکہ اب تک کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزموں کے خلاف لگائے گئے الزام غلط ہیں اور ان میں کوئی ٹھوس بنیاد نہیں ہے۔ غور طلب ہے کہ مقامی وکیل سدھیر کمار اوجھا کی ایک عرضی پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر گزشتہ ہفتے صدر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

شکایت کنندہ کے وکیل کے خلاف درج ہوگا مقدمہ

اے ڈی جی ہیڈ کوارٹر جتیندر کمار کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یہاں تک کہ وہ خط تک نہیں دکھا سکا جسکی بنیاد پر اس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ اس کے ساتھ یہ بھی پایا گیا کہ اس عرضی کو دائر کرنے کے پیچھے مقصد ٹھیک نہیں تھا۔ اس کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 182 اور 211 کے تحت مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

نائب وزیراعلیٰ سشیل مودی کا ردعمل

بہار کے نائب وزیراعلیٰ سشیل مودی نے کہا ہے کہ 49 افراد پر ملک سے غداری کے مقدمے میں بی جے پی کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔ بی جے پی نے کبھی بھیڑکے تشدد کی حمایت نہیں کی۔ اس معاملے پر وزیر اعظم کو خط لکھنے والوں کے خلاف دائر کیس سے بی جے پی یا سنگھ پریوار کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔

(بھاشا اور امت کمار کے ان پٹ کے ساتھ)

Loading...