آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں پی چدمبرم کی حمایت میں آئیں پرینکا گاندھی، کہا سچ کے لئے لڑیں گے

پرینکا گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ حکومت بیحد شرمناک طریقے سے چدمبرم کے پیچھے پڑی ہے کیونکہ وہ بے جھجھک سچ بولتے ہیں اور حکومت کی ناکامیوں کو سامنے لاتے ہیں۔

Aug 21, 2019 11:42 AM IST | Updated on: Aug 21, 2019 11:42 AM IST
آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں پی چدمبرم کی حمایت میں آئیں پرینکا گاندھی، کہا سچ کے لئے لڑیں گے

پی چدمبرم کی حمایت میں آئیں پرینکا گاندھی

سابق وزیر مالیات اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کی آئی این ایکس میڈیا معاملے میں پیشگی ضمانت کی عرضی دلی ہائی کورٹ نے مسترد کردی۔ ای ڈی کی ٹیم بھی ان کے گھر پہنچی تھی۔ اس وقت چاروں طرف سے مشکلوں میں گھرے چدمبرم کیلئے ایک راحت کی خبر آئی ہے۔ یہ وہ کہ آج کانگریس  کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا ساتھ انہیں ملا ہے۔

پرینکا گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ حکومت بیحد شرمناک طریقے سے چدمبرم کے پیچھے پڑی ہے کیونکہ وہ بے جھجھک سچ بولتے ہیں اور حکومت کی ناکامیوں کو سامنے لاتے ہیں۔

پرینکا نے یہ بھی کہا کہ وہ چدمبرم کے ساتھ کھڑی ہیں اور سچ کیلئے لڑائی جاری رکھی جائے گی۔ پرینکا نے ٹویٹ کرکے کہا،  'بہت ہی اہل اور قابل احترام راجیہ سبھا رکن پی چدمبرم جی نے دہائیوں تک وزیر مالیات، وزیر داخلہ اور دوسرے عہدوں پر رہتے ہوئے مکمل وفاداری سے ملک کی خدمت کی ہے'۔

انہوں نے دعویٰ کیا، 'وہ بے جھجھک سچ بولتے ہیں اور اس حکومت کی ناکامیوں کا انکشاف کرتے ہیں۔ لیکن حقیقت بزدلوں کیلئے آسان نہیں ہوتی اس لئے شرمناک طریقے سے ان کا پیچھا کیا جارہا ہے'۔  ساتھ  ہی  پرینکا  گاندھی  نے  کہا،  'ہم  ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور سچ کیلئے لڑتے رہیں گے، چاہے نتیجہ کچھ بھی ہو'۔

Loading...