پٹنہ: مانسون سیشن شروع ہونے کے ٹھیک پہلے بہار کی سیاست میں نتیش کمار کے اسٹینڈ سے ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ نتیش کمار کے آبادی کنٹرول اور ذات پات پر مبنی مردم شماری کے موضوع پر دیئے بیان کے بعد مخالف جماعتوں میں اس بات کی امید بڑھ گئی ہے کہ اس بیان کے بعد مستقبل میں کوئی نئے سیاسی اشارے ابھر سکتے ہیں۔
نتیش کمار اور بی جے پی کے تعلقات ٹھیک نہیں: کانگریس
کانگریس ایم ایل سی پریم چندر مشرا نے نتیش کمار کے آبادی کنٹرول اور ذات پات پر مبنی مردم شماری معاملے پر بی جے پی سے علیحدہ رائے رکھنے پر جوش دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ آنے والے وقت کی سیاست کے لئے بڑا اشارہ ہوسکتا ہے۔ اس کی وجہ سے نئے سیاسی حالات بھی بن سکتے ہیں۔ نتیش کمار کے اس بیان سے واضح طور پر سمجھا جاسکتا ہے کہ نتیش کمار اور بی جے پی کے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں اور یہ رشتہ لمبا نہیں چلنے والا ہے۔

مانسون سیشن شروع ہونے کے ٹھیک پہلے بہار کی سیاست میں نتیش کمار کے اسٹینڈ سے ہلچل تیز ہوگئی ہے۔
نتیش چچا کے موقف کا آرجے ڈی نے کیا استقبال
وہیں دوسری طرف راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے بھی کانگریس کے سُر میں سُر ملاتے ہوئے نتیش کمار کے اسٹینڈ کی سراہنا کی اور لگے ہاتھوں عظیم اتحاد کے ساتھ آنے کا آفر بھی دے دیا۔ آر جے ڈی رکن اسمبلی مکیش روشن نے کہا کہ آبادی کنٹرول اور ذات پات پر مبنی مردم شماری پر نتیش کمار کے رخ سے واضح ہے کہ جس موضوع کو لالو پرساد یادو جی اور تیجسوی یادو نے اٹھایا تھا، وہ صحیح ہے۔ آر جے ڈی رکن اسمبلی نے کہا کہ نتیش کمار کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے اسے قبول کرلیا ہے اور وہ آر جے ڈی کے اسٹینڈ کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں۔ ہم ان کے اسٹینڈ کا خیر مقدم کرتے ہیں، اگر نتیش چچا ہمارے موقف کے ساتھ آتے ہیں، تو ہم ان کا خیر مقدم کریں گے۔
این ڈی اے کی حکومت میں کوئی پریشانی نہیں: جے ڈی یو
وہیں دوسری طرف جے ڈی یو لیڈر اور ایم ایل سی نیرج کمار نے واضح کر دیا ہے کہ دونوں موضوعات پر جے ڈی یو کا موقف واضح ہے اور وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ بہار میں این ڈی اے کی حکومت موضوع کی بنیاد کے ساتھ ساتھ 7 پوائنٹ کی بنیاد پر چل رہی ہے اور اس میں کہیں سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔
بہار میں این ڈی اے مضبوطی سے چل رہی ہے: بی جے پی
وہیں بی جے پی ایم ایل سی نول کشور یادو نے مانا کہ جے ڈی یو اور بی جے پی الگ الگ پارٹیاں ہیں اور ہر پارٹی کا رخ الگ رہتا ہے، لیکن جو لوگ بھی اقتدار کے لالچ میں آفر دے رہے ہیں، ان کا خواب رکھا کا رکھا جائے گا۔ بہار مین این ڈی اے کی حکومت پوری مضبوطی سے چل رہی ہے اور چلے گی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔