بہار: ساسارام میں پھر ہوا تشدد، دھماکے میں 5 لوگ زخمی، بہار شریف میں بھی فائرنگ کی اطلاعات
بہار: ساسارام میں پھر ہوا تشدد، دھماکے میں 5 لوگ زخمی، بہار شریف میں بھی فائرنگ کی اطلاعات
ساسارام کے ضلع کلکٹر دھرمیندر کمار نے بتایا کہ ساسارام میں بالکل نارمل ماحول ہے۔ ہمارے پاس اتنی تعداد میں فورس ہے کہ کہیں بھی کوئی جھگڑا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
بہار کے ساسارام اور بہار شریف میں رام نومی کے موقع پر ہوئے ہنگامے کے بعد کل ہفتہ یکم اپریل کو ایک مرتبہ پھر سے تشدد ہوا ہے۔ ساسارام نگر کے سبھی سرکاری اور پرائیوٹ اسکولوں کو بھی 4 اپریل تک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوچنگ اداروں کو بھی بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اپنے بہار دورے پر ساسارام جرنے کا منصوبہ بھی منسوخ کردیا ہے۔ یہ ہیں اس معاملے کی اب تک کی اہم باتیں۔
نالندہ کے بہار شریف میں ہفتہ کو پہلی فائرنگ بنولیا میں ہوئی۔ یہاں سے کسی کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ دوسری فائرنگ پہاڑپورا میں ہوئی جہاں پر ایک پولیس اہلکار سمیت 3 لوگ زخمی ہوئے۔ ان میں سے ایک کی موت ہوگئی۔ وہیں ساسارام کے شیرگنج علاقے میں پھر تشدد بھڑک اٹھا۔ یہاں دھماکے میں 5 لوگ زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ سنگباری کی بھی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں بھرتی کروایا گیا ہے۔ ساسارام نگر کے سبھی اسکولوں کو 4 اپریل تک بند کردیا گیا ہے۔
جمعرات کو رام نومی کے جلوسوں کے دوران ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کے سلسلے میں ساسارام اور بہار شریف میں اب تک 45 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ریاستی پولیس ہیڈکوارٹر نے ہفتہ کو ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی ہے۔
ساسارام اور بہار شریف میں پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالات معمول پر آ گئے ہیں تاہم اعلیٰ افسران احتیاطی طور پر متاثرہ علاقوں میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور بڑی تعداد میں فورسز کی تعیناتی بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ بیان کے مطابق روہتاس کے ضلع ہیڈکوارٹر ساسارام میں تشدد اور آتش زنی کے سلسلے میں 18 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ساسارام کے ضلع کلکٹر دھرمیندر کمار نے بتایا کہ ساسارام میں بالکل نارمل ماحول ہے۔ ہمارے پاس اتنی تعداد میں فورس ہے کہ کہیں بھی کوئی جھگڑا نہیں ہونے دیا جائے گا۔ آج امن کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔
Published by:Shaik Khaleel Farhaad
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔