نئی دہلی: پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور پنجاب لوک کانگریس (پی ایل سی) کے سربراہ کیپٹن امریندر سنگھ (Captain Amarinder Singh) نے بی جے پی (BJP) میں شامل ہونے سے پہلے پیر کے روز پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی۔
ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق، بی جے پی کے سینئر لیڈران کی موجودگی میں امریندر سنگھ نہ صرف پارٹی میں شامل ہوں گے بلکہ اپنی نوتشکیل شدہ پارٹی پی ایل سی کا مرکز کی برسراقتدار پارٹی میں انضمام بھی کریں گے۔
کیپٹن امریندر سنگھ نے وزیر اعلیٰ عہدے سے اچانک استعفیٰ دینے کے بعد گزشتہ سال کانگریس چھوڑ دی تھی اور پی ایل سی کی تشکیل کی تھی۔ پی ایل سی نے بی جے پی اور سکھدیو سنگھ ڈھینڈسا کی قیادت والے شرومنی اکال دل (متحدہ) کے ساتھ اتحاد کرکے اسمبلی الیکشن لڑا تھا۔ حالانکہ، اس کا ایک بھی امیدوار جیت حاصل نہیں کرپایا تھا اور خود امریندر سنگھ کو بھی اپنے گڑھ پٹیالہ شہر سیٹ سے شکست ملی تھی۔
پی ایل سی ے ترجمان پریت پال سنگھ بلیاوال نے پہلے بتایا تھا کہ امریندر سنگھ پیر کے روز دہلی میں بی جے پی کے سینئر لیڈران کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوں گے۔ ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کے بعد لندن سے حال میں لوٹنے کے بعد امریندر سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔
کیپٹن امریندر سنگھ نے 12 ستمبر کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ اپنی ملاقات کے بعد کہا تھا کہ انہوں نے قومی تحفظ، پنجاب میں منشیات اور دہشت گردی کے بڑھتے معاملوں اور ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے مستقبل کے روڈ میپ سے متعلق مختلف امور پر بہت ہی نتیجہ خیز گفتگو ہوئی۔ دو بار کے وزیر اعلیٰ رہ چکے امریندر سنگھ پٹیالہ شاہی فیملی کی اولاد ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔