உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    نیوز 18 اردو کی خبر کے بعد کینسر سے متاثر انٹرنیشل ہاکی کھلاڑی سلیم عباسی کی مدد کو بڑھے ہاتھ

    انٹرنیشل ہاکی کھلاڑیوں سلیم عباسی ان دنوں ہیں سخت علیل

    سلیم عباسی نے ایک دو نہیں بلکہ بیس سے زیادہ میچوں میں ہندستان کی نمائندگی کرکے ملک کے وقار میں اضافہ کیاتھا بلکہ ان کے کھیل کے شاندار مظاہرہ سے ملک کی جھولی میں میڈل آیا تھا مگر آج وہی انٹرنینشل ہاکی کھلاڑی نہ صرف عدم توجہی کا شکار ہے بلکہ اسے اپنے کینسر کے علاج کے لئے مدد کی بھی ضرورت ہے۔

    • Share this:
    سلیم عباسی کا شمار انٹرنینشل ہاکی کے ممتاز کھلاڑیوں میں ہوتا ہے ۔ سلیم عباسی نے ایک دو نہیں بلکہ بیس سے زیادہ میچوں میں ہندستان کی نمائندگی کرکے ملک کے وقار میں اضافہ کیاتھا بلکہ ان کے کھیل کے شاندار مظاہرہ سے ملک کی جھولی میں میڈل آیا تھا مگر آج وہی انٹرنینشل ہاکی کھلاڑی نہ صرف عدم توجہی کا شکار ہے بلکہ اسے اپنے کینسر کے علاج کے لئے مدد کی بھی ضرورت ہے۔ نیوز 18 اردو کی خبر کے بعد ہاکی بھوپال ویلفیئر ایسو سی ایشن اور سماجی کارکنان نے سلیم عباسی سے ملاقات کی اور انہیں علاج کے لئے چیک پیش کیا۔
    ہاکی بھوپال ویلفیئرایسو سی ایشن کے صدر نواب رضا کہتے ہیں کہ یہ ہمارے فرائض میں شامل ہے کہ ہم سلیم عباسی کے علاج کے لئے تعاون کریں۔ ایسو سی ایشن نے ابتدائی طور پر ابھی اکیاون ہزار کا چیک پیش کیا ہے اور آگے بھی سلیم عباسی صاحب کے علاج کے لئے ہماری کوشش جاری رہے گی۔ سلیم عباسی نے ہندستانی ہاکی کے لئے اپنی جو خدمات دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں ۔
    ممتاز ہاکی اولمپیئن سید جلال الدین رضوی کہتے ہیں کہ ہندستانی ہاکی اور بھوپال ہاکی کی تاریخ سلیم عباسی کے ذکر کے بغیر نا مکمل ہے ۔ آن کی سالگرہ کا دن ہے اور ہم سبھی لوگ انہیں مبارکباد پیش کرنے آئے ہیں اور ساتھ ہی انکا حوصلہ بڑھانے ہیں کہ بیماری کی اس مشکل گھڑی میں ہاکی کھلاڑی سلیم عباسی کے ساتھ ہیں ۔ ہمیں تاخیر سے ان کی بیماری کی خبرہوئی جس کا ہمیں افسوس ہے ۔سلیم عباسی کے ہاکی میچ کو دیکھنے کے لئے صرف ہندستان ہی نہیں بلکہ بیرون ممالک کے لوگ دیوانے تھے۔ ہماری اللہ سے دعا ہے کہ انہیں شفائے کاملہ عطا فرمائے۔ ہم لوگ اپنی سطح پر تو ان کے علاج کے لئے کوششیں کر ہی رہیں ہماری کوشش ہے کہ حکومت مد ھیہ پردیش بھی ان کے علاج کے لئے اپنی محبتوں کے دروازے کوکھولے۔

    سابق ڈی جی پی اے ڈبلیو انصاری کہتے ہیں کہ یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ ایک شخص جس نے بچوں میں ہاکی کا شوق کا پیدا کرنے اور بھوپال ہاکی کو ایک مقام عطاکرنے کے ساتھ ملک کی ہاکی کو بلندی عطاکی ہے آج کینسر کی بیماری میں تنہا ہے ۔ محکمہ اسپورٹس کو اس جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے علاج کا انتظام کرنا چاہئے۔
    مدھیہ پردیش بی جے پی کے سکریٹری راہل کوٹھاری کہتے ہیں کہ سلیم عباسی کی سرپرستی ہمارے لئے ضروری ہے ۔ ہماری کوشش رہے گی کہ سلیم عباسی صاحب کی سرپرستی ہمیں حاصل ہو اور انکے تجربات سے ہاکی کو فروغ دیا جائے ۔ مالی امداد بہت چھوٹی بات ہے ۔سب لوگ مل کر سلیم عباسی صاحب کے علاج کے لئے کام کریں گے۔
    Published by:Sana Naeem
    First published: