ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

بھوپال: ایم ایل اے عارف مسعود کی مشکلات میں ہوا مزید اضافہ، ضمانت عرضی خارج

فرانس میں شان رسول صل اللہ علیہ وسلم میں کی گئی گستاخی کے خلاف بھوپال ایم ایل اے عارف مسعود نے احتجاج کیا جس کی پاداش میں ایم پی حکومت نے ان کے خلاف کاروائی کرنے کا پورا دفتر کھول دیا ہے۔

  • Share this:
بھوپال: ایم ایل اے عارف مسعود کی مشکلات میں ہوا مزید اضافہ، ضمانت عرضی خارج
بھوپال: ایم ایل اے عارف مسعود کی مشکلات میں ہوا مزید اضافہ، ضمانت عرضی خارج

بھوپال۔ فرانس میں شان رسول صل اللہ علیہ وسلم میں کی گئی گستاخی کے خلاف بھوپال ایم ایل اے عارف مسعود نے احتجاج کیا جس کی پاداش میں ایم پی حکومت نے ان کے خلاف کاروائی کرنے کا پورا دفتر کھول دیا ہے۔ عارف مسعود کے خلاف پہلے  دفعہ ایک سو اٹھاسی کے تحت کووڈ ۱۹ اور حکومت کے احکام کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کیاگیا۔ عارف مسعود اس معاملے میں ضمانت کروا کر بہار انتخابات کی تشہیر میں پہنچے ہی تھے کہ ان کے خلاف مذہبی جذبات کو بھڑکانے کو لیکر ایک سو ترپن اےآئی پی سی کے تحت معاملہ درج کردیا گیا۔ عارف مسعود کے وکیل کے ذریعہ اس معاملہ کو لیکر پیشگی ضمانت کے لئے بھوپال عدالت میں عرضی دائر کی گئی جس پر اپر سیشن جج جسٹس پی کے سنگھ نے دونوں فریقین کی دلیل سننے کے بعد عارف مسعود کی پیشگی ضمانت کی عرضی کو خارج کردیا ہے۔


واضح رہے کہ بھوپال وسط سے کانگریس ایم ایل اے عارف مسعود کے ذریعہ بھوپال کے تاریخی اقبال میدان میں اتتیس اکتوبر کو فرانس کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔ احتجاج پر سخت موقف اختیار کرتےہوئے جہاں بھوپال تھانہ تلیا پولیس نے پہلے عارف مسعود سمیت دو سو لوگوں کے خلاف دفعہ ایک سو اٹھاسی کے تحت معاملہ درج کیا تھا وہیں اس معاملہ میں ضمانت ہونے کے بعد حکومت نے عارف مسعود کو کوئی راحت نہ دیتے ہوئے بھوپال تھانہ تلیا میں عارف مسعود سمیت سات دیگر لوگوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ ایک سو ترپن اے کے تحت مذہبی جذبات بھڑکانے کا معاملہ درج کیا۔ عارف مسعود بہار اسمبلی انتخابات میں مصروف ہیں۔ ان کے وکیل کے ذریعہ بھوپال سیشن کورٹ میں پیشگی ضمانت کے لئے عرضی دائر کی گئی جس پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے پیشگی ضمانت کی عرضی کو خارج کردیا۔


عارف مسعود کے وکیل عبدالوحید خان ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ ہم نے پیشگی ضمانت کے لئے عرضی دائر کی تھی جس پر آج اپر سیشن جج جسٹس پی کی سنگھ کی عدالت میں سماعت ہوئی اور عدالت نے پیشگی ضمانت کی عرضی کو خارج کردیا ہے۔ مگر اس میں گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے ۔ ابھی ہمارے پاس ضمانت کے لئے اور بھی راستے ہیں۔ ہم ہائی کورٹ سے رجوع کرینگے اور ہمیں امید ہے کہ ہمیں وہاں سے ریلیف ملے گا۔


واضح رہے کہ مدھیہ پردیش حکومت کے ذریعہ عارف مسعود کے خلاف صرف تھانے میں ہی معاملہ درج نہیں کیا گیا ہے بلکہ ان کے کالج اندرا پریہ درشنی کے خلاف بھی دو روز قبل بھوپال ضلع انتظامیہ اور نگر نگم کے ذریعہ سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ مانتے ہوئے انہدامی کاروائی کی تھی۔ حکومت کی اس کاروائی کو عارف مسعود نے انتقامی کاروائی سے تعبیر کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بھوپال ایم ایل اے عارف مسعود کی پیشگی ضمانت عرضی آج عدالت سے خارج ہو گئی ہے مگر حکومت کے تیور کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ مستقبل میں عارف مسعود کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Nov 07, 2020 08:06 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading