ووٹنگ سے 36 گھنٹے پہلے دنتےواڑہ میں نکسلی حملہ، بی جے پی رکن اسمبلی کی موت، پانچ جوان شہید
نکسلیوں کے اس حملہ میں بی جے پی رکن اسمبلی بھیما منڈاوی کی موت ہو گئی ہے اور چھتیس گڑھ پولیس کے پانچ جوان شہید ہو گئے ہیں
- News18 Urdu
- Last Updated: Apr 09, 2019 06:46 PM IST

ووٹنگ سے 36 گھنٹے پہلے دنتےواڑہ میں نکسلی حملہ
چھتیس گڑہ کے دنتے واڑہ میں عام انتخابات سے ٹھیک پہلے نکسلیوں نے بڑے حملہ کو انجام دیا ہے۔ نکسلیوں نے دنتےواڑہ کے کوانکونڈا تھانہ علاقہ کے شیام گیری میں بی جے پی کے قافلہ پر نشانہ لگاتے ہوئے آئی ای ڈی دھماکہ کیا ہے۔ اس حملہ میں بی جے پی رکن اسمبلی بھیما منڈاوی کی موت ہو گئی ہے اور چھتیس گڑھ پولیس کے پانچ جوان شہید ہو گئے ہیں۔
ڈی آئی جی سندر راج پی نے کہا کہ ’’ واقعہ کی اطلاع ملی ہے۔ جائے حادثہ پر سلامتی دستے کے اضافی جوانوں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔ شہید ہونے کی تصدیق فی الحال مجھے نہیں مل پائی ہے‘‘۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، کوانکونڈا تھانہ علاقہ کے شیام گیری میں سلامتی دستہ کے جوانوں کا ایک قافلہ بھیما منڈاوی کے ساتھ نکلا تھا۔ اسی دوران گھات لگا کر بیٹھے نکسلیوں نے قافلہ کو نشانہ بناتے ہوئے آئی ای ڈی دھماکہ کر دیا۔
بتا دیں کہ دنتےواڑہ بستر پارلیمانی حلقہ کا حصہ ہے جہاں 11 اپریل کوووٹنگ ہونی ہے۔ ووٹنگ سے محض 36 گھنٹے پہلے نکسلیوں نے اس حملہ کو انجام دیا ہے۔ علاقہ میں نکسلی مسلسل الیکشن کے بائیکاٹ کا فرمان جاری کرتے رہے ہیں۔