حج پالیسی دوہزار تیئس کے اغراض و مقاصد کو طے کرنے کے لئے مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام بھوپال میں حج کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین عبداللہ کٹی کی صدارت میں منعقدہ حج پالیسی دوہزار تیئس میں جہاں عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کا مطالبہ کیاگیا وہیں سفر حج کے اخراجات کم کرنے اور مدھیہ پردیش سے عازمین حج کے لئے راست پرواز شروع کرنے کا بھی شدت سے مطالبہ کیا گیا۔ مرکزی حج کمیٹی کے چیرمین عبداللہ کٹی نے بھوپال ایم ایل اے عارف مسعود اور ایم پی حج کمیٹی کے ذمہ داران وسماجی تنظیموں کے مطالبے پرآئیندہ سال سے بھوپال سے راست حج پرواز شروع کرنے کا اعلان کیا۔
مرکزی حج کمیٹی کے چیرمین عبداللہ کٹی نے نیوز ایٹین اردو سے خاص ملاقات میں کہا کہ عازمین حج کے مسائل کو جاننے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے بھوپال میں حج پالیسی دوہزار تیئس کی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا ۔ یہاں کے لوگوں کو سفر حج کو لیکر مشکلات کا سامنا تھا اور مدھیہ پردیش سے حج پرواز شروع کرنے کی مانگ تھی۔یہاں کے لوگوں کے مطالبات کو دیکھتے ہوئے آئیندہ سال سے بھوپال سے حج پرواز شروع کرنے کا میں نے اعلان کیا ہے ۔
وہیں بھوپال ایم ایل اے و مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے رکن عارف مسعود کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش سے پہلے عازمین حج کی پرواز ہوتی رہی ہے لیکن حالیہ سالوں میں اسے بند کردیا گیا۔ میں نے کانفرنس میں حج کمیٹی کے چیرمین عبداللہ صاحب سے حج پرواز دوبارہ شروع کرنے کی مانگ کی جسے انہوں نے تسلیم کرلیا ہے ۔
مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین رفعت واثی نے نیوز ایٹین اردو سے خاص ملاقات میں بتایا کہ حج کانفرنس کے انعقاد کا مقصد عازمین حج کو سہولیات مہیاکرنا ہے ۔ بھوپال اندور سے حج پرواز شروع ہو،ایم پی کے عازمین حج کا کوٹہ بڑھا یا جائے ساتھ ہی عازمین حج کو سفر حج کے دوران مشکلات سے بچایا جائے ان سب پہلوؤں پر حج کانفرنس میں بات کی گئی۔
چچا شیو پال کے گڑھ جسونت نگر میں بہو ڈمپل کو کتنے ووٹ ملے، جانیے یہاں
وہیں سماجی کارکن محمد شاہد کہتے ہیں کہ ہم نے بھوپال کے ساتھ اندور سے حج پرواز شروع کرنے کو لیکر میمورنڈم دیا ہے ۔ مرکزی حج کمیٹی کے چیرمین عبداللہ صاحب نے صرف بھوپال سے حج پرواز شروع کرنے کااعلان کیا ہے جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ بھوپال اور اندور دونوں مقامات سے حج پرواز شروع ہو ،ساتھ ہی بھوپال کے نوابین نے مکہ اور مدینہ میں جو رباطیں بنوائی ہیں اس میں عازمین حج کے قیام کا انتظام کیا جائے ۔ رباط میں ریاست بھوپال کے عازمین حج کے قیام کو لیکر ہماری تحریک جاری رہے گی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔