بھوپال: مدھیہ پردیش میں بحالی امن کے مقصد سے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کل سے شروع کی گئی غیر معینہ بھوک ہڑتال آج ختم کردی ہے ۔ انہوں نے ناریل پانی پی کر اپنی بھوک ہڑتال ختم کی ۔ بھوک ہڑتال ختم کرنے سے قبل وزیر اعلی شیوراج نے کہا کہ مندسور تشدد کی اعلی سطحی جانچ کی جائے گی اور اس کے قصورواروں کو چھوڑا نہیں جائے گا۔ وزیر اعلی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ان کی بھوک ہڑتال کے دوران ریاست میں کہیں بھی تشدد نہیں ہوا۔ سابق وزیر اعلی کیلاش جوشی نے شیوراج کی بھوک ہڑتال ختم کروائی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مندسور میں فائرنگ میں مرنے والے کسانوں کے لواحقین نے وزیر اعلی مسٹر چوہان سے ملاقات کی تھی بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی تھی ۔ مرنے والے کسانوں کے لواحقین نے بھوک ہڑتال کے مقام بھوپال کے دسہرہ میدان پر ان سے ملاقات کرنے کے بعد ان سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی جذباتی اپیل کی تھی۔
اس کے قبل دارالحکومت میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات تیز بارش کی وجہ سے بھوک ہڑتال کے مقام پر بدنظمی پیدا ہوگئی تھی۔ اگرچہ انتظامیہ نے بارش کے خدشہ کے پیش نظر یہاں واٹر پروف پنڈال لگایا تھا، لیکن اس کے بعد بھی کئی جگہ کیچڑ اور پانی بھرنے جیسے حالات پیدا ہو گئے۔ دسہرہ میدان کے آس پاس صبح سے ریاست کے کسانوں کی گاڑیوں کی بھیڑ لگ گئی تھی۔ کسان بسوں اور پرائیویٹ گاڑیوں سے دارالحکومت بھوپال میں واقع بھوک ہڑتال کے مقام تک پہنچ رہے ہیں۔
دریں اثنا مدھیہ پردیش کے مندسور میں کئی دنوں کی بدامنی کے بعد حالات اب تقریبا کنٹرول میں ہونے کی وجہ سے کرفیو مکمل طور ہٹا لیا گیا ہے۔ مندسور پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار سنگھ کے مطابق پپليامنڈي سمیت پورے مندسور سے کرفیو ہٹا لیا گیا ہے۔ حالات مکمل کنٹرول میں ہیں۔ اگرچہ اضافی سیکورٹی فورسز اب بھی احتیاطا تعینات ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی شروع ہو گیا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔