بھوپال متنازعہ زمین معاملے میں عدالت نے فیصلہ کیا ملتوی، 19 فروری کو ہو گی معاملے کی سماعت
واضح رہے کہ بھوپال کباڑخانہ علاقہ کے خسرہ نمبر دو سو اڑسٹھ کی سینتس ہزار اسکوائر فٹ متنازعہ زمین پر تعمیر کرنے کے لئے سترہ جنوری کو بھوپال ضلع انتظامیہ نے شہر کے تین تھانوں میں کرفیو اور باقی تھانوں میں دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ کرتے ہوئے ایک فریق کو تعمیری کام شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔ ضلع انتظامیہ کے موقف کو چیلنج کرتے ہوئے محمد سلیمان نے ایم پی اسٹیٹ وقف ٹریبونل میں فوری سماعت کی عرضی دائر کی تھی۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Jan 27, 2021 09:54 PM IST

بھوپال متنازعہ زمین معاملے میں عدالت نے فیصلہ کیا ملتوی
بھوپال کباڑ خانہ علاقہ میں متنازعہ زمین پر تعمیری کام روکنےکو لیکر محمد سلیمان کے ذریعہ فوری سماعت کو لیکر داخل کی گئی عرضی پر ایم پی وقف ٹریبونل نے انیس فروری تک فیصلہ کو ملتوی کردیا ہے۔ تیئس جنوری کی سماعت میں عدالت نے سبھی فریقین کو سننے کے بعد فیصلہ کو محفوظ کرتے ہوئے ستائیس جنوری کو فیصلہ سنانے کا اعلان کیاتھا۔
واضح رہے کہ بھوپال کباڑخانہ علاقہ کے خسرہ نمبر دو سو اڑسٹھ کی سینتس ہزار اسکوائر فٹ متنازعہ زمین پر تعمیر کرنے کے لئے سترہ جنوری کو بھوپال ضلع انتظامیہ نے شہر کے تین تھانوں میں کرفیو اور باقی تھانوں میں دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ کرتے ہوئے ایک فریق کو تعمیری کام شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔ ضلع انتظامیہ کے موقف کو چیلنج کرتے ہوئے محمد سلیمان نے ایم پی اسٹیٹ وقف ٹریبونل میں فوری سماعت کی عرضی دائر کی تھی۔ وقف ٹریبونل میں فوری سماعت کے لئے انیس جنوری کو داخل عرضی پر سماعت کے لئے وقف ٹریبونل نے اکیس جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی ۔ اکیس جنوری کی سماعت میں راج دیو ٹرسٹ نے دستاویز پیش کرنے کے لئے مزید وقت مانگا تو عدالت نے سماعت کے لئے تیئس جنوری کی تاریخ مقررکی تھی ۔تیئس جنوری کی سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ستائیس جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی۔ متنازعہ زمین پر آج لوگوں کی فیصلہ کی امید تھی مگر چونکہ اس معاملہ میں عرضی گزار نے جبلپورہائی کورٹ میں بھی ایک عرضی داخل کررکھی ہے اس لئے عدالت نے سماعت کرتے ہوئے جبلپور ہائی کورٹ سے فیصلہ آنے تک اپنے فیصلے کو انیس فروری تک کے لئے ملتوی کردیاہے۔جبلپور ہائی کورٹ میں بارہ فروری کو سماعت ہوگی۔
محمد سلیمان کے وکیل رفیع زبیری کہتے ہیں کہ آج عدالت میں نگر نگم نے سیکشن ایک سو اکیاون کے تحت اپنے دعوی پیش کیا ہے۔ جس پر عدالت میں سماعت کی گئی اور فوری سماعت کے لئے ہماری جو عرضی تھی اس پر عدالت نے فیصلہ ہولڈ کرلیا ہے۔ چونکہ اسی معاملے میں ہماری ایک عرضی جبلپور ہائی کورٹ میں لگی ہوئی ہے جس پر بارہ فروری کو ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی ۔ہائی کورٹ کے فیصلہ آنے تک اس فیصلہ کو ہولڈ پر رکھا گیا ہے۔اب اس معاملے انیس فروری کو سماعت ہوگی۔
وہیں راج دیو ٹرسٹ کے وکیل جگدیش چھاوانی کہتے ہیں کہ آج کی سماعت میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ عرضی گزارکی جانب سے جبلپور ہائی کورٹ میں اسٹے آرڈر خارج کئے جانے کو لیکر معاملہ زیر سماعت ہے ۔چونکہ ہائی کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہوتے ہوئے ٹریبونل کوئی فیصلہ نہیں دے سکتا ہے اس بنیاد پر وقف ٹریبونل نے اس معاملے کو اس امید پر ہولڈ پر رکھا ہے کہ جب تک اس معاملے میں جبلپور ہائی کورٹ کا فیصلہ نہیں آجاتا ہے تب تک یہاں کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔اس لئے عدالت نے انیس فروری تک کے لئے اپنے فیصلہ کو ملتوی کردیا ہے۔