ہوم » نیوز » No Category

عازمین حج کے پیسہ واپسی کے لئے جاری کیا گیا سرکلر، مرکزی حج کمیٹی سے کیا گیا یہ مطالبہ

مرکزی حج کمیٹی کے ساتھ اسٹیٹ حج کمیٹیوں نے بھی عازمین حج کو پیسہ واپسی کے لئے سرکلر جاری کر دیا ہے۔ کورونا وائرس کے سبب حج 2020 کے آغاز سے عازمین حج کو مشکلات کا سامنا تھا۔

  • Share this:
عازمین حج کے پیسہ واپسی کے لئے جاری کیا گیا سرکلر، مرکزی حج کمیٹی سے کیا گیا یہ مطالبہ
عازمین حج نے مرکزی حج کمیٹی سے کیا مطالبہ، عازمین کے پیسہ واپسی کا سرکلر جاری

بھوپال: کورونا وائرس کے قہر میں حج 2020  میں ہندوستان سے جانے والے عازمین حج کی تمام تر توقعات معدوم ہوگئی ہیں۔ مرکزی حج کمیٹی کے ساتھ اسٹیٹ حج کمیٹیوں نے بھی عازمین حج کو پیسہ واپسی کے لئے سرکلر جاری کر دیا ہے۔ کورونا وائرس کے سبب  حج  2020 کے آغاز سے عازمین حج کو مشکلات کا سامنا تھا۔ حج کمیٹی نے عازمین حج کو حج فارم داخل کرنے کے لئے جہاں آن لائن فارم بھرنا لازمی کردیا تھا۔ وہیں عازمین حج کے ذریعہ کم فارم بھرے جانے پر کئی بار حج فارم داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع بھی کی گئی۔


حج فارم بھرنے کے بعد کوٹے کے مطابق عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ سلیکشن کیا گیا اور جن خوش نصیب عازمین حج کا قرعہ کے ذریعہ سلیکشن کیا گیا، انہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق رقومات بھی جمع کردیں۔ عازمین حج کے مقدس سفر کو لے کر تیاریاں بھی آخری مرحلے میں تھیں  اور انہوں نے علمائے دین کی نگرانی میں سفر حج کو لے کرحج تربیت کو بھی مکمل کرلیا تھا کہ کورونا نے ان کے مقدس سفر پر قدغن لگا دیا۔

حج 2020 کے لئے مدھیہ پردیش سے 13316 عازمین حج نے درخواست کی تھی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے مدھیہ پردیش کو چار ہزار آٹھ سو چونسٹھ (4864) عازمین حج کا کوٹہ الاٹ کیا تھا۔ ان میں سے چھ سو سڑسٹھ (667)  عازمین حج ریزرو کیٹگری کے اورتینتالیس (43) خواتین وہ تھیں جنہوں نے بغیر محرم کے سفر حج پر جانے کے لئے درخواست کی تھی۔ چار ہزار ایک سو چوون (4154) عازمین حج کے لئے قرعہ اندازی کی گئی تھی۔ بھوپال کے عازم حج  رفیق احمد کہتے ہیں کہ اب جب حج کمیٹی نے پیسے واپسی کے لئے سرکلر جاری کردیا ہے تو اسے چاہئے کہ آئندہ سال میں جب بھی سفر حج شروع ہو تو ان عازمین حج کو ہی سفر حج پر جانے کو ترجیح دی جائے، جن کا نام قرعہ اندازی میں منتخب کیا گیا تھا  اور ان کے پیسوں کو حج کمیٹی اپنے پاس ہی رکھے۔


حج 2020 کے لئے مدھیہ پردیش سے 13316 عازمین حج نے درخواست کی تھی۔ فائل فوٹو
حج 2020 کے لئے مدھیہ پردیش سے 13316 عازمین حج نے درخواست کی تھی۔ فائل فوٹو


وہیں مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان منور کوثر کہتے ہیں کہ کورونا بیماری کا اچانک آجانا اور قرعہ اندازی  میں نام سلیکٹ ہونے کے بعد بھی سفر حج پر نہیں جا پانا ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے اور ہم سب کو اللہ کے حضور اپنی گناہوں سے توبہ کرنا چاہئے۔ اللہ راضی ہو جائے اور حج کا مقدس سفر پھر شروع ہو یہ دعا ہے، لیکن حج کمیٹی آف انڈیا نے پیسے واپسی کو لے کر جو سرکلرجاری کیا ہے وہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ حج حج کمیٹی آف انڈیا کے پاس عازمین حج کی تمام تفصیلات موجود ہیں تو پھر ان سے پیسے واپسی کے لئے الگ سے فارم بھرنے کا جواز سمجھ سے بالاتر ہے۔ حج کمیٹی کو چاہئے کہ جب حج نہیں ہو رہا ہے تو سبھی عازمین حج جن کے پیسے جمع ہیں ان کے اکاؤنٹ میں بنا کسی شرط کے واپسی کا انتظام کرے۔
وہیں مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو افسر داؤد احمد خا ن کہتے ہیں کہ آئندہ برس جب حج شروع ہوگا اس میں اس بار کے قرعہ اندازی میں منتخب کئے گئے عازمین حج کو موقع دیا جائےگا یا پھر سے قرعہ اندازی ہوگی، یہ سب پالسی میٹر ہے اور نئی پالیسی کیا بنتی ہے اس میں طے ہوگا۔ پیسہ واپسی کو لے کر سرکلر جاری کیا گیا ہے۔ عازمین حج اپنی درخواست کے ساتھ کراس چیک جمع کردیں پیسہ ان کے اکاؤنٹ میں آجائے گا۔ کچھ عازمین حج پیسہ لینا چاہتے ہیں اور کچھ ایسے بھی ہیں جو چاہتے ہیں کہ ان کا پیسہ حج کمیٹی میں جمع رہنے دیا جائے اور جب حج آئندہ برس میں شروع ہو تو انہیں موقع دیا جائے۔
First published: Jun 18, 2020 08:53 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading