مندسور سے شروع ہوئی کسان تحریک کا آج 11 واں دن ہے ۔ ریاست میں قیام امن کے لئے شیوراج سنگھ چوہان ہفتہ سے بھوک ہڑتال پر ہیں ۔ مندسور واقعہ میں مارے گئے کسانوں کے اہل خانہ نے ہفتہ کو وزیر اعلی سے ملاقات کی اور ان سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی ۔ مدھیہ پردیش بی جے پی صدر نندكمار سنگھ چوہان نے یہ معلومات دی ۔ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ اتوار کو وزیر اعلی اپنی بھوک ہڑتال ختم کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ شیوراج بھوپال کے بھیل میں واقع دسہرہ میدان میں بھوک ہڑتال پر ہیں ۔ ہفتہ کی رات بھوپال میں ہوئی تیز بارش کی وجہ سے دسہرہ میدان میں چاروں طرف پانی بھر گیا ہے اور وہاں کافی کیچڑ بھی جمع ہو گیا ہے ۔ تاہم وزیر اعلی نے دسہرہ میدان میں ہی شب گزاری۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ مارے گئے پانچ کسانوں میں سے چار کے اہل خانہ نے وزیر اعلی سے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہا ہے کہ کسانوں کی موت کے لئے ذمہ دار لوگوں کے خلاف کارروائی ہو ۔ خیال رہے کہ چھ جون کو مندسور ضلع میں کسان تحریک کے دوران مظاہرین پر پولیس فائرنگ میں پانچ کسانوں کی موت ہو گئی تھی اور چھ دیگر کسان زخمی ہو گئے تھے ، جس کے بعد کسان مشتعل ہوگئے تھے اور کسان تحریک پورے مدھیہ پردیش میں پھیل گئی اور تشدد بھڑک اٹھا تھا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔