راجناتھ سنگھ کی نکسلیوں کو وارننگ ، اصل دھارے میں لوٹیں یا پھر سنگین نتائج بھگتنے کیلئے رہیں تیار
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، پی ٹی آئی، فائل فوٹو
ترقی کو مزید رفتار دینے کے لئے نکسکی انتہا پسند ی کا راستہ چھوڑ کر اصل دھارے میں لوٹنے کے لئے خودسپردگی کردیں نہیں تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
دمکا: مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے نکسلیوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے آج کہا کہ غریبوں کے بچوں کو ہتھیار تھماکر ترقی کی رفتار کو روکنے والے انتہاپسند اصل دھارے میں لوٹ آئیں ورنہ انہیں سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ مسٹر سنگھ نے یہاں جھارکھنڈ کی رگھوور سرکار کے 1000 دن مکمل ہونے پر منعقد ’غریب وکاس میلے ‘سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کو مزید رفتار دینے کے لئے نکسکی انتہا پسند ی کا راستہ چھوڑ کر اصل دھارے میں لوٹنے کے لئے خودسپردگی کردیں نہیں تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ نکسلی انتہا پسندی کے نام پر کچھ لوگ غریبوں کے بچوں کو گمراہ کررہے ہیں اور ان کے ہاتھوں میں ہتھیار دے کر ترقی کی رفتار میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں جبکہ نکسلی غریبوں کے پیسے سے عیش وآرام کی زندگی گذاررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار غریبوں کے بچوں کے ہاتھوں میں قلم وکمپیوٹر دے کر انہیں ترقی کی اصل دھارا میں لانے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہے اور اس سمت میں تیزی سے کام بھی کررہی ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ اس حکومت کو پرتشدد سرگرمیوں کے ذریعے ترقی کی رفتار کر روکنے والے عناصر کا پورا علم ہے۔ لیکن اب سماج میں دہشت پیدا کرنے کا سلسلہ چلنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نکسلی اگر اصل دھارا میں نہیں لوٹے تو جھارکھنڈ سمیت ملک کی سرزمین سے نکسلی انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ مرکزی وزیر نے دعوی کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک محفوظ ہوا ہے اور پوری دنیا میں ایک طاقتور ملک کی حیثیت سے اس نے اپنی جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی فوج کسی بھی صورت حال سے نپٹنے کے لئے پوری طرح تیارہے۔ فوج کے جوان پاکستان کی ہند مخالف حرکتوں کا منھ توڑ جواب دے رہےہیں۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ نے تین ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھی۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔