رانچی۔ یوں تو ریاست جھارکھنڈ میں حکومت کی بے توجہی کی وجہ سے اردو زوال پذیر ہے ایسے میں ریاست کے مختلف علاقوں میں قائم این سی پی یو ایل کے سینٹر اس زبان کی بقا میں گراں قدر خدمات پیش کر رہے ہیں۔ فن خطاطی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں میں قائم این سی پی یو ایل سینٹر میں طلبا و طالبات فن خطاطی کے ہنر سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک سینٹر دھنباد میں بھی قائم ہے۔ خطاطی کے فن سے طلبا و طالبات کو روشناس کرانے میں یہ سینٹر گراں قدر خدمات پیش کر رہا ہے۔
ریاست جھارکھنڈ کا شہر دھنباد ملک کا دارالحکومت کوئلہ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس شہرکے مشہور و معروف علاقہ واسے پور میں واقع رحمت گنج میں این سی پی یو ایل کا سینٹر قائم ہے۔ اس سینٹر میں طلبا و طالبات کو فن خطاطی کے ہنر سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ طلبا و طالبات اس فن کو سیکھنے میں خاصی دلچسپی لیتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اس ہنر سے آراستہ ہوکر وہ نہ صرف اپنی رائٹنگ کو بہتر کر سکتے ہیں بلکہ اس سے روزگار بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس فن سے طلبا کو روشناس کرانے کے لئے این سی پی یو ایل کی جانب سے مفت میں کورس مٹیریل فراہم کی جاتی ہے۔ یہ کورس مٹیریل بیحد سلیس اور آسان ہے۔ طلبا کو اس کورس کو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے وہیں اساتذہ کرام کو بھی درس دینے میں سہولتیں ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ یہ سینٹر سنہ 1988 سے قائم ہے۔ سینٹر کے ڈائرکٹر نذیر احمد کے مطابق خطاطی کے فن سے آراستہ ہوکر سینکڑوں کی تعداد میں طلبا ملک و بیرون ممالک میں اس فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں ساتھ ہی اس کے ذریعہ وہ روزی روٹی بھی حاصل کر رہے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔