جھارکھنڈ راجیہ اردو شکچھک سنگھ کے وفد کی ایجوکیشن ڈائریکٹر سے ملاقات ، اردو اسکولوں اور اردو اساتذہ کے مسائل سے کرایا روشناس
وفد کے ارکان نے ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن کو خصوصی طور پر پروموشن کے لئے جاری گریڈیشن لسٹ پر اردو اساتذہ کے تعلق سے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور اس میں اصلاح کی درخواست کی ساتھ ہی یوحنا مد میں بحال اردو اساتذہ کو غیر یوحنا مد میں کئے جانے کی درخواست کرتے ہوئے اس جانب خصوصی توجہ دلائی ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Nov 14, 2020 05:32 PM IST

جھارکھنڈ راجیہ اردو شکچھک سنگھ کے وفد کی ایجوکیشن ڈائریکٹر سے ملاقات
جھارکھنڈ راجیہ اردو شکچھک سنگھ کے ایک وفد نے ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن جھارکھنڈ سے ملاقات کرکے انہیں ریاست کے اردو اسکولوں اور اردو اساتذہ کے مسائل سے روشناس کرایا ۔ ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر شریف احسن مظہری کی قیادت میں شامل وفد کے ارکان نے ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن کو خصوصی طور پر پروموشن کے لئے جاری گریڈیشن لسٹ پر اردو اساتذہ کے تعلق سے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور اس میں اصلاح کی درخواست کی ساتھ ہی یوحنا مد میں بحال اردو اساتذہ کو غیر یوحنا مد میں کئے جانے کی درخواست کرتے ہوئے اس جانب خصوصی توجہ دلائی ۔ طویل وقت تک جاری میٹنگ کافی مثبت رہی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر موصوف نے دونوں مسئلوں پر اپنی سطح سے کاروائی کرنے کی امید دلائی ۔ وفد نے اردو اسکولوں کی بدحالی کی جانب بھی ڈائریکٹر کی توجہ مبذول کرائی۔
واضح رہے کہ نو تقرر شدہ اردو اساتذہ کی تنخواہیں یوجنا اور غیر یوجنا مد میں پھنس گئے ہیں ۔ یوجنا مد میں تنخواہ کی فراہمی نہیں ہونے سے بیشتر اضلاع میں اردو اساتذہ کو کئی ماہ سے تنخواہ کی فراہمی نہیں ہو پا رہی ہے ۔ گزشتہ سال ریاستی حکومت کے ذریعہ تنخواہ مد کی رقم کم بھیجے جانے کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے ہیں ۔
واضح رہے کہ ریاستی حکومت نو تقرر شدہ اردو اساتذہ کی تنخواہ یوجنا مد سے فراہم کرتی ہے ، جبکہ دیگر پرائمری اساتذہ کو تنخواہوں کی فراہمی غیر یوجنا مد سے ہوتا ہے ۔ گزشتہ سال ریاستی حکومت کے ذریعہ یوجنا مد میں منظور شدہ رقم سے اردو اساتذہ کو چھ ماہ کا ہی تنخواہ فراہم کیا گیا تھا ۔ وہیں دھنباد ، چترا ، پلامو اور گریڈیہہ اضلاع میں رقم تو بھیجی گئی ، لیکن ڈسٹریبیوشن کوڈ میں گڑبڑی ہونے کی وجہ سے رقم نہیں نکالی جا سکی اور نہ ہی اس میں اصلاح کیا گیا ۔
