ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

دھنباد کے آئی ایف ایس افسر شاہد عالم جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل بنائے گئے

شاہد اس سے قبل ڈپٹی قونصل جنرل اور حج قونصل کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے محمد نور رحمن شیخ کی جگہ لی ہے۔ وزارت خارجہ ہند نے اس تعلق سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ریاض میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

  • Share this:
دھنباد کے آئی ایف ایس افسر شاہد عالم جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل بنائے گئے
آئی ایف ایس افسر شاہد عالم: فوٹو کریڈٹ جاگرن ڈاٹ کام

جھارکھنڈ کے دھنباد کے باشندہ محمد شاہد عالم کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں قونصل جنرل آف انڈیا مقرر کیا گیا ہے۔ شاہد عالم دھنباد کے واسع پور کے باشندہ ہیں۔ یہ وہی واسع پور ہے جسے لوگ بالی ووڈ فلم گینگس آف واسع پور سے جانتے ہیں۔ لوگوں میں یہ علاقہ گینگ وار کی وجہ سے ہی مشہور ہے لیکن اب واسع پور کا ماحول بدل رہا ہے۔ یہاں کے لوگ نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونی ملک میں بھی اپنا پرچم لہرا رہے ہیں۔ ان ناموں میں سے ایک نام واسع پور کے رحمت گنج کے باشندہ محمد شاہد عالم کا بھی شامل ہے۔


سال 2010 بیچ کے آئی ایف ایس افسر شاہد عالم کو سعودی عرب کے جدہ شہر میں قونصل جنرل آف انڈیا مقرر کیا گیا ہے۔ شاہد اس سے قبل ڈپٹی  قونصل جنرل اور حج قونصل کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے محمد نور رحمن شیخ کی جگہ لی ہے۔ وزارت خارجہ ہند نے اس تعلق سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ریاض میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔


ڈاکٹر سعید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محمد شاہد عالم اچھے انسان ہیں اور وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض کو نبھائیں گے۔ اس سے قبل مکہ مکرمہ میں حج قونصل میں بھی انہوں نے بہتر کام کیا ہے۔ شاہد عالم حالیہ دنوں وزارت خارجہ ، نئی دہلی میں کام کر رہے تھے۔ انہوں نے 2010 میں نئی ​​دہلی میں آئی ایف ایس افسر کی تربیت مکمل کی۔ جب شاہد 2012-14 میں قاہرہ میں ہندوستانی سفارتخانے میں ملازمت کر رہے تھے تو انہوں نے وہاں عربی زبان کی تربیت لی۔ 2014 سے 2015 تک ابوظہبی میں ہندوستانی سفارتخانے میں دوسرے سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد حج قونصل میں ان کا انتخاب ہوا۔


انہوں نے ابتدائی تعلیم انڈین اسکول آف لرننگ ، بھولی ، دھنباد سے حاصل کی۔ محمد شاہد عالم نے کہا کہ ہماری ترجیحات دنیا کے سامنے ہندوستان کی شبیہہ کو بہتر انداز میں پیش کرنا ہے۔ شاہد کی اہلیہ ڈاکٹر شکیلہ خاتون ، والد محمد شمیم ،والدہ نکہت سلمیٰ اور بھائی عصیم رضا کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔ بہار کے بودھ گیا یونیورسٹی میں فائز واسع پور کے باشندہ اسسٹنٹ پروفیسر محمد پرویز انصاری نے محمد شاہد عالم کے جدہ میں قونصل جنرل آف انڈیا کے عہدے پر فائز ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی یہ امید جتائی ہے کہ ہندوستان سے جدہ جانے والے عازمین حج کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں شاہد عالم اپنا کلیدی رول ادا کریں گے۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Oct 31, 2020 09:07 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading