مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے آرام کرنے کے بیان سے چھڑی سیاسی بحث
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کے آرام کرنے کے بیان پر بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سیاسی جنگ تیز ہو گئی ہے۔ کانگریس جہاں سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کے بیان کو بی جے پی کے ذریعہ غلط مطلب نکالنے کا الزام لگا رہی ہے تو وہیں بی جے پی کا کہنا ہے کہ ہم کسی کو سیاسی سنیاس نہیں دلوائیں گے بلکہ یہ ان کے گھر کا اندرونی معاملہ ہے۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Dec 14, 2020 07:26 PM IST

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ
بھوپال۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کے آرام کرنے کے بیان پر بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سیاسی جنگ تیز ہو گئی ہے۔ کانگریس جہاں سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کے بیان کو بی جے پی کے ذریعہ غلط مطلب نکالنے کا الزام لگا رہی ہے تو وہیں بی جے پی کا کہنا ہے کہ ہم کسی کو سیاسی سنیاس نہیں دلوائیں گے بلکہ یہ ان کے گھر کا اندرونی معاملہ ہے اور انہیں خود طے کرنا ہے کہ انہیں سیاست میں کیا کرنا ہے۔
مدھیہ پردیش کے 2018 کے اسمبلی انتخابات کو کانگریس نے کمل ناتھ کی قیادت میں لڑا تھا۔ یہی نہیں مدھیہ پردیش میں کانگریس کی پندرہ ماہ کی حکومت جانے کے بعد بھی کانگریس نے کمل ناتھ کی ہی قیادت پر بھروسہ کرتے ہوئے اٹھائیس سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں اپنی حکمت عملی طے کی تھی۔ اب بھی مدھیہ پردیش میں سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نہ صرف ایم پی کانگریس کے چیف ہیں بلکہ ایم پی اسمبلی میں بھی کمل ناتھ ہی لیڈر آف اپوزیشن ہیں۔ ایسے میں اگر سابق سی ایم کے ذریعہ آرام کرنے کا بیان کسی بھی حوالے سے اٹھتا ہے تو سوال کھڑا ہو نا لازمی ہے۔
مدھیہ پردیش کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر پی سی شرما کہتے ہیں کہ سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کے بیان سے بی جے پی عوام میں گمراہی پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ سابق سی ایم کمل ناتھ نے کبھی سیاسی سنیاس لینے کی بات نہیں کہی ہے بلکہ انہوں نے یہ کہا ہے کہ چھنڈواڑہ کے عوام جب چاہیں گے آرام کرنے چلا جاؤنگا۔ بی جے پی یہ گمراہ کن بیان اس لئے پھیلا رہی ہے کیونکہ اسے معلوم ہے کہ کمل ناتھ اور دگ وجے سنگھ کے رہتے وہ آگے اپنی سیاسی مہم میں کامیاب نہیں ہوسکتی ہے۔ بی جے پی کو کمل ناتھ اور دگ وجے سنگھ سے ڈر لگتا ہے اس لئے وہ عوام کے بیچ گمراہ کن بیان پھیلا رہی ہے ۔جہاں تک چھندواڑہ کی عوام کا تعلق ہے توچھندواڑہ کے عوام چاہتے ہیں کہ کمل ناتھ سیاست میں بنے رہیں اور 2023 کے اسمبلی انتخابات میں سابق سی ایم کمل ناتھ ہی کانگریس کا چہرہ ہوں گے۔

مدھیہ پردیش کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر پی سی شرما کہتے ہیں کہ سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کے بیان سے بی جے پی عوام میں گمراہی پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے

مدھیہ پردیش بی جے پی کے ترجمان کے کے پاٹھک کہتےہیں کہ آرام کرنے کے بیان سے سابق سی ایم کمل ناتھ کے دل کی آواز باہر آگئی ہے اور وہ جانتے ہیں کہ سی ایم شیوراج سنگھ کے رہتے ہوئے اب کانگریس کبھی اقتدار میں آنے والی نہیں ہے۔
سابق سی ایم کمل ناتھ نے آرام کرنے کا بیان جس حوالے سے بھی دیا ہو مگر بی جے پی کو اس بہانے کانگریس پر حملہ کرنے کا بیٹھے بیٹھائے ایک اور ایشو ہاتھ لگ گیا ہے جسے وہ عوام کے بیچ تیزی سے پہنچا کر عوام کے بیچ کانگریس میں قیادت کے بحران کے سوال کو کھڑا کرنا چاہتی ہے۔ کانگریس بی جے پی کے بیان پر کہاں تک دفاع کرنے میں کامیاب ہوتی ہے یہ دیکھنا ہوگا کیونکہ آئیندہ مہینے میں مدھیہ پردیش میں بلدیاتی انتخابات ہونے ہیں ایسے میں کانگریس قیادت ایک اہم کردار ادا کرے گی۔