بھوپال : ممتاز مفکر، مدبر، محقق عالم دین مصلح قوم علامہ سید سلیمان ندوی کی حیات و خدمات پر دارالعلوم تاج السماجد کے زیر اہتمام بھوپال میں دو روزہ قومی سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ دو روزہ قومی سمینار میں علوم اسلامیہ اور اردو کے ممتاز دانشوروں نے شرکت کی اور علامہ سید سلیمان ندوی کی ادبی نگارشات، تصنیف و تالیف، سیرت نگاری، سوانحی خاکوں پر تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ دو روزہ قومی سمینار کے پہلے روز افتتاحی سیشن کے علاوہ ٹیکنکل سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں علوم اسلامیہ کے ساتھ اردو کے دانشوروں نے علامہ سید سلیمان ندوی کی ادبی خدمات کے ان گوشوں کو تحقیقی حوالوں سے پیش کیا ، جس کے بارے میں ادبی دنیا واقت نہیں تھی۔ اس موقع پر دارالعلوم تاج المساجد کے ذریعہ علامہ سید سلیمان ندوی کی ادبی خدمات سے نئی نسل سے واقف کرانے کے لئے علامہ سید سلیمان ندوی اکیڈمی کا بھی افتتاح کیا گیا۔ علامہ سید سلیمان ندوی اکیڈمی کا افتتاح ممتاز عالم دین مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
دو روزہ قومی سمینار کا آغاز تلاوت کلام سے کیاگیا۔ دارالعلوم تاج المساجد کے طالب علم محمد سلمان ولد محمد شریف نے تلاوت کلام پیش کی۔بعد ازآں دارالعلوم کے طالب علم محمد فیصل نے نعت پاک پیش کی۔دو روزہ قومی سمینار پرتمہیدی کلمات مولانا ڈاکٹر سید شرافت علی ندوی نے پیش کیا۔ سید شرافت علی ندوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے علامہ سید سلیمان ندوی کے نہ صرف بھوپال سے خاص رشتہ بلکہ آعظم گڑھ،ندوہ اور ملک کے دوسرے شہروں کے رشتہ اور ان کی تخلیقات کی مختلف جہات کو پیش کیا۔ علامہ سید سلیمان ندوی کی حیات و خدمات پر منعقدہ دو روزہ سمینار میں استقبالیہ کلمات مولانا ڈاکٹر اطہر حبیب ندوی نے پیش کیا۔
ممتاز عالم دین مولانا عمیر الصدیق نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے دارالمصنفین کا آعظم گڑھ میں قیام،معارف کو جاری کرنے اور سیرت النبی کی تکمیل کے حوالے سے علامہ سید سلیمان ندوی کی علمی بصیرت پر سیر حاصل گفتگو کی جبکہ قاضی شہر سید مشتاق علی ندوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ا ب لوگ کم پڑھتے ہیں لیکن زیادہ بولتے ہیں جبکہ ہمیں زیادہ پڑھنا اور کم بولنا چاہیئے۔ سید سلیمان ندوی نے علوم اسلامیہ کے حوالے سے جو کچھ تحریر کیا ہے اسے استناد حاصل ہے اور ان کی حیات و ادبی خدمات سے ہمیں ہر قدم پر سیکھنے کو ملتا ہے۔
ممتاز ادیب پروفیسر خالد محمود نے افتتاحی تقریب میں اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے علامہ سید سلیمان ندوی کے تحقیقی مزاج کے ساتھ طلبا کی ذہن سازی پر گفتگو کی۔ممتاز عالم دین و ادیب مولانا پروفیسر محمد عثمانی نے سمینار میں اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے علامہ سید سلیمان ندوی کے ذریعہ علام اسلامیہ کے علاوہ دیگر موضوعات پر لکھی گئی کتابوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مولانا پروفیسر محسن عثمانی نے اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر لوگ علوم اسلامیہ کے کسی ایک موضوع پر دسترس رکھتے ہوئے لیکن علوم اسلامیہ کے مختلف پہلوؤں پر جیسی گہری نظر سید سلیمان ندوی کی تھی ایسی شخصیات صدیوں میں کہیں پیدا ہوتی ہے۔
علامہ سید سلیمان ندوی کی حیات و خدمات پر منعقدہ دو روزہ قومی سمینار کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی مولانا بلال عبد الحی حسنی ندوی تھے۔ آپ کے ہاتھوں ہی علامہ سید سلیمان ندوی اکیڈمی کا افتتاح عمل میں آیا ۔مولانا بلال عبدالحی حسنی ندوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا علامہ سید سلیمان ندوی ندوہ کے ان طلبا میں سے ہیں جن پر ندوہ کو فخر ہے۔وہ ممتاز مفکر،مدبر،مصلح قوم ،انشا پرداز،علوم اسلامیہ کے ماہر تو تھے ہی انہوں نے تحریک آزادی کے حوالے سے ملک میں یکجہتی کے فروغ کو لیکر جو کارنامہ انجام دیا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔علامہ سید سلیمان ندوی کی صرف علوم اسلامیہ پر ہی گہری نظر نہیں تھی بلکہ حالات حاضرہ کے مسائل پر انہوں نے جس طرح سے مدلل انداز میں اپنے مضامین میں تحقیق کے ساتھ گفتگو کی ہے وہ پڑھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔
سیرت النبی،سیرت عائشہ ،حیات امام مالک خطبات مدارس ،رحمت عالم وغیرہ کو پڑھنے والا ان کا قاری عش عش کر اٹھتا ہے۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کے افکار و نطر یات کو نئی روشنی میں پیش کیا جائے۔ اکیڈمی کی عرصہ سے بڑی ضرورت محسوس کی جارہی تھی ۔بھوپال نے اس معاملے میں سبقت حاصل کی اور مجھے امید ہے کہ اس اکیڈمی کے ذریعہ وہ کام انجام دیئے جائیں گے جو علامہ سید سلیمان ندوی کے خواب تھے۔
افتتاحی تقریب کی صدارت کے فرائض ممتاز عالم دین و دارالعلوم تاج المساجد کے امیر پروفسیر مولانا محمد حسان نے انجام دئے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سید سلیمان ندوی اکیڈمی کے قیام کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر مولانا محمد حسان نے بھوپال سے سید سلیمان ندوی کے رشتہ خاص پر روشنی ڈالی اور سمینار میں آئے سبھی مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔